وزیراعظم کی نااہلی کیلئے متفرق درخواست پہلے سے سماعت کرنے والے بنچ کو بھجوا دی گئی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس قاسم خان نے وزیر اعظم عمران خان کی نااہلی کے معاملے پر جلد سماعت کیلئے متفرق درخواست اسی بنچ کو بھجوا دی ہے جو اس معاملے پر پہلے سے سماعت کر رہا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس قاسم خان نے لائیرز فاونڈیشن کی درخواست پر سماعت کی جس میں نشاندہی کی گئی کہ وزیر اعظم عمران خان کی نااہلی کیلئے درخواست زیر سماعت ہے۔ یہ معاملہ اہم نوعیت کا ہے اس لیے اس پر سماعت کی جائے۔ عدالت نے باور کرایا کہ اس معاملہ پر جسٹس شاہد وحید سماعت کر رہے ہیں۔ اس لیے یہ درخواست بھی ان کے روبرو پیش کی جائے۔ درخواست گزار کے وکیل اے کے ڈوگر کے مطابق نواز شریف کے دور میں عمران خان نے سول نافرمانی کے لیے لوگوں کو اکسایا ہے۔ اس لیے عمران خان کو وزیر اعظم کے عہدے سے نااہل قرار دیا جائے۔ درخواست پر مزید کارروائی 18 اپریل کو ہوگی۔