انڈیا جھوٹے دعوے کرنے کی بجائے سچ تسلیم کر لے: ڈی جی آئی ایس پی آر
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) آئی ایس پی آر کے مطابق غیر ملکی سفیروں، ڈیفنس اتاشیوں او ربین الاقوامی صحافیوں کے وفد نے بالا کوٹ کا دورہ کیا جبکہ دورے میں بھارتی صحافی بھی شامل تھے، وفد کو بالا کوٹ حملے سے متعلق جھوٹے بھارتی دعووں اور پاکستانی موقف سے آگاہ کیا گیا۔ ٹیم نے اپنی آنکھوں سے جائے وقوعہ کا جائزہ لیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی جھوٹے دعوے اور زمینی حقائق پر وفد کوبتایا کہ مدرسے پر حملے کا بھارتی دعویٰ جھوٹا ہے بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ بھارت کے ایسے اقدامات سے خطے کا امن خطرے میں ہے۔ وفد نے سوات میں تعلیمی سہولیات، مالاکنڈ میں بحالی مرکز کا بھی دورہ کیا۔ گروپ کو مدرسے کا دورہ کرایا گیا جہاں بھارت نے دہشتگردوں کو مارنے کا دعویٰ کیا تھا وفد نے جائزہ لیا کہ زمینی حقائق بھارتی دعوؤں کے برعکس ہیں۔ گروپ مدرسے کے بچوں اور اساتذہ میں گھل مل گیا اور دیکھا کہ مدرسے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ مدرسے میں صرف معصوم بچے زیر تعلیم ہیںے بھارت کو جھوٹا دعویٰ کرنے کی بجائے سچ تسلیم کر لینا چاہئے۔ بھارت کو خطے کیلئے ذمہ دارانہ ریاست کا کردار ادا کرنا چاہئے۔ بھارت کو دیکھنا چاہئے کہ مقبوضہ کشمیر میں حالات کیوں خراب ہو رہے ہیں۔ گروپ نے اے پی ایس سوات کا بھی دورہ کیا۔