حمزہ شہباز نیب لاہور میں پیش نہ ہوئے، کل دوبارہ طلب
لاہور (ا ین این آئی) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز طلبی کے باوجود قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور میں پیش نہ ہوئے جس پر انہیں کل بروز جمعہ کو دوبارہ طلب کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو بدھ کے روز آمدن سے زائد اثاثے رکھنے پر طلب کیا تھا تاہم وہ پیش نہ ہوئے۔ اس حوالے سے حمزہ شہباز کے ترجمان عطاء تارڑ نے کہا کہ نیب کو حمزہ شہباز کی ہائیکورٹ میں مصروفیات بارے آگاہ کر دیا گیا تھا، حمزہ شہباز کی جانب سے ہائیکورٹ میں مصروفیت بارے نیب کو خط بھجوایا گیا ہے۔ دوسری جانب نیب لاہور نے پیش نہ ہونے پر حمزہ شہباز کو جمعہ کو دوبارہ طلب کر لیا ہے ۔ نیب نے حمزہ شہباز کو 12اپریل کو صبح 11بجے پیش ہونے کے لئے کہا ہے۔