فرحان محبوب کو شکست، مصر کے محمد الشیربانی نے انٹرنیشنل سکوائش ٹورنامنٹ جیت لیا
لاہور ( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) 20 ہزار امریکی ڈالر انعامی رقم کا انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ مصر کے محمد الشیربانی نے پاکستان کے فرحان محبوب کو فائنل میں تین دو سے شکست دیکر جیت لیا۔ مصحف سکواش کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلی جانے والی انٹرنیشنل سکواش چیمپیئن شپ میں 13 غیر ملکی کھلاڑیوں جن کا تعلق بیلجیئم، مصر، جرمنی، ہانگ گانگ، آئرلینڈق کویت، ساوتھ افریقہ، سپین اور زمبابوے سے ہے نے شرکت کی۔ مصر کے عالمی نمبر 74 محمد الشیربانی نے پاکستان کے عالمی نمبر 72 کو تین دو سے فائنل میں شکست دی۔ مصری کھلاڑی نے پہلا سیٹ 11-5 سے اپنے نام کیا تو اگلے دونوں سیٹوں میں پاکستان کے فرحان محبوب نے 11-5 اور 11-8 سے کامیابی حاصل کر کے میچ میں برتری حاصل کر لی تاہم چوتھے اور پانچویں سیٹ میں مصری کھلاڑی نے کم بیک کرتے ہوئے 11-7 اور 11-8 سے کامیابی اپنے نام کر لی۔ چیمپیئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر پاکستان سکواش فیڈریشن کے سینئر نائب صدر ائرمارشل شاہد اختر علوی، سکواش لیجنڈ قمر زمان، جان شیر خان سمیت کھلاڑیوں اور دیگر آفیشلز کی بڑی تعداد موجود تھی۔