پی سی بی کا ورلڈ کپ سے قبل 3 سٹینڈ بائی کھلاڑی انگلینڈ بھجوانے کا فیصلہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ سے قبل تین کھلاڑیوں کو سٹینڈ بائی کے طور پر انگلینڈ بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان کے 15کھلاڑیوں کے ساتھ 13رکنی سپورٹ اسٹاف شامل ہوگا۔انگلینڈ میں آئندہ ماہ کی 30تاریخ کو شروع ہونے والے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم نے تین کھلاڑیوں کو اسٹینڈ بائی کے طور پر انگلینڈ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ کھلاڑی ورلڈ کپ سے قبل ہی وطن واپس آجائیں گے۔18اپریل کو سلیکٹرز جب فٹنس ٹیسٹ کے بعد سر جوڑ کر بیٹھیں گے تو وہ ورلڈ کپ کے لئے 15 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کریں گے جب کہ تین مزید کھلاڑیوں کو مین ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لئے انگلینڈ بھیجا جائے گا۔اگر 23 مئی کو سپورٹ پیریڈ سے قبل کوئی کھلاڑی ان فٹ ہوجاتا ہے تو اس کی جگہ تین سٹینڈ بائیز میں سے کوئی کھلاڑی لے گا، ورنہ سٹینڈ بائی کھلاڑی ورلڈ کپ سے قبل وطن واپس آجائیں گے۔سٹینڈ بائے کھلاڑی انگلینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے، ایک ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل اور تین کانٹی میچوں میں ضرورت پڑنے پر کھیل سکتے ہیں۔18 اپریل کو ٹیم کے اعلان کے بعد پی سی بی فہرست آئی سی سی کو بھیج دے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد یہ ہے کہ پاکستانی کھلاڑی کلیئر ذہن کے ساتھ ورلڈ کپ میں شریک ہوں۔پاکستانی ٹیم کے ساتھ 13 آفیشلز بھی معمول کی ٹیم انتظامیہ ہوگی جس میں منیجر طلعت علی ملک، اسسٹنٹ منیجر منصور رانا، ہیڈ کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، فیلڈنگ کوچ بریڈ برن، بولنگ کوچ اظہر محمود، فٹنس ٹرینرگرانٹ لوڈن، فزیوکلف ڈی کون، مساجر ملنگ علی، میڈیا منیجر رضا راشدکچیلو، ویڈیو انالسٹ طلحہ اعجاز، سیکیورٹی آفیسر، سائیکولوجسٹ شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق چیف سلیکٹر انضمام الحق اس وقت تبلیغی جماعت کے ساتھ لاہور سے باہر ہیں، اس لئے فٹنس ٹیسٹ میں مزید کھلاڑیوں کو بلانے پر کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے۔