• news

خواجہ برادران کی درخواست ضمانت پر کارروائی ملتوی، وکلاء حتمی بحث کیلئے 18 اپریل کو طلب

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے خواجہ برادران کی درخواست ضمانتوں پر کارروائی 18اپریل تک ملتوی کر دی اور وکلا کو حتمی بحث کے لیے طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی درخواست ضمانتوں پر سماعت کی۔ وکلا نے دلائل دیئے کہ خواجہ برادران پر پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی سے بے نامی رقم کے حصول کا الزام ہے اور اراضی کے تبادلے کا الزام بھی ہے۔ خواجہ برادران اور انکی اہلیہ پیراگون سوسائٹی کے ڈائریکٹرز شئیر ہولڈرز یا مینجمنٹ میں نہیں رہے۔ 25 جون 2006 میں پیراگون سٹی ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ ہوئی۔ وکیل نے دلائل دیئے کہ قیصر امین بٹ کے زبانی بیان کے علاوہ نیب کے پاس کوئی ثبوت نہیں۔ پیراگون سٹی میں 50 کنال اراضی دے کر 40 کنال اراضی حاصل کی، ڈیڑھ کروڑ روپے پیراگون سٹی کو ڈویلپمنٹ چارچز کی مد میں واجب الادا ہیں۔ وکیل نے کہا کہ میرے موکل نے پیراگون کو اراضی کے حصول کے لیے بطور ڈیلر خدمات فراہم کیں اور کمشن لی اور پیراگون سے وصول کی جانے والی رقم کو ٹیکس ریٹرن میں شامل کیا۔ وکیل امجد پرویز نے دلائل دیئے کہ قیصر امین بٹ خواجہ برادران کے خلاف رام کہانی سناتا ہے۔ پیراگون سوسائٹی مشرف دور میں معرض وجود میں آئی جب خواجہ برادران اپوزیشن میں آئے۔ عدالت نے سماعت 18 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کو حتمی بحث کے لیے طلب کرلیا۔

ای پیپر-دی نیشن