• news

ایم ڈی پی ٹی وی ارشد خان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، کرنل ر حسن قائم مقام تعینات

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی حکومت نے ایم ڈی پی ٹی وی ارشد خان کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا جب کہ ان کی جگہ کرنل (ر) حسن عماد محمدی کو قائم مقام ایم ڈی تعینات کردیا ہے۔ یہ بات وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین چوہدری کے حوالے سے بتائی گئی ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ کرنل(ر) حسن ڈپٹی ایم ڈی کے طورپر ذمہ داریاں ادا کررہے تھے۔ ایم ڈی پی ٹی وی کی تعیناتی کا تنازعہ گزشتہ 2ماہ سے چل رہا تھا۔ ارشد خان دوسری بار ایم ڈی پی ٹی وی تعینات ہوئے تھے ان کی سخت گیر پالیسی کی وجہ سے پی ٹی وی یونین نے ان کے خلاف احتجاجی مہم شروع کر رکھی تھی، یونین کو وفاقی وزیر اطلاعات کی حمایت حاصل تھی۔ جب کہ ارشد خان کو وزیر اعظم کے خصوصی معاون نعیم الحق کی تائید حاصل تھی۔ بالآخر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین کی جیت ہوئی۔ وفاقی وزارت اطلاعات نے سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق مستقل طورپر ایم ڈی پی ٹی وی کی تعیناتی کے لئے اشتہار دیا تھا جس پر تقریباً 42,43 کے قریب وزارت اطلاعات کو درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔

ای پیپر-دی نیشن