نیا پاکستان کاروباری برادری کے تعاون بغیر ممکن نہیں، صدر علوی
لاہور( کامرس رپورٹر)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت چین ، ترکی اورتھائی لینڈ کے ساتھ فری ٹریڈ ایگریمنٹ کی طرف جارہی ہے جس سے پاکستانی مصنوعات کو دیگر ممالک کی منڈیوں تک رسائی حاصل ہو گی، نیا پاکستان کاروباری برادری کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں، ان خیالات کا اظہارا نہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں بین الاقوامی ٹیکسٹائل ایکسپو کے دوسرے ایڈیشن کے افتتاحی ڈنر سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔اس موقع پر دیگر اعلیٰ شخصیات بھی موجود تھیں۔ صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ یہ انتہائی خوش آئند ہے کہ 400 نمائش کنندگان کی طرف سے اپنی مصنوعات کے سٹالزلگائے گئے جبکہ 300 غیر ملکی وفود بھی شرکت کر رہے ہیں انہوںنے کہا کہ پاکستا ن کی سیاحت بھی ترقی کر رہی ہے ،سی پیک منصوبہ سے ملک میں انڈسٹری کو فروغ حاصل ہوگا ،اس کے تحت 7 سپیشل اکنامک زونز بنا ئے جارہے ہیںانہوں نے کہا کہ پاکستان کی کاروبار میں آسانی پیدا کرنیوالے ممالک کی رینکنگ میں بہتری آئی جس طرح پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیںیہ بات انتہائی خوش آئند ہے کہ پاکستانی مصنوعات کا معیار بہت بہتر ہوا ہے اور ہم گلوبل سٹینڈرڈ کی طرف جارہے ہیں۔ ۔وزیر اعظم کے مشیر عبدالرزاق دائودنے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر پاکستان کی تجارت میں دل کی حیثیت رکھتا ہے۔ پاکستان اپنی مصنوعات کی دیگر ممالک کی مارکیٹوں تک رسائی کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہا ہے دریں اثناء اسلام آباد میں صدر ڈاکٹر عارف علوی سے تاجکستان کے وزیر دفاع کی ملاقات ہوئی ۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ توانائی منصوبے کاسا 1000 کی جلد تکمیل پاکستان کی ترجیح ہے۔ دونوں ملکوں کو اس منصوبے پر عمل درآمد کی رفتار تیز کرنا ہوگی۔ تاجکستان کے وزیردفاع کرنل جنرل شیرعلی مرزوف سے گفتگو کرتے ہوئے صدر نے کہاکہ پاکستان نے 175 ملکوں کے لئے ای ویزا سہولت متعارف کرائی ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ تاجکستان پاکستانی سرمایہ کاروں کیلئے ویزے کا حصول آسان بنائے گا ۔ صدر مملکت نے انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکائونٹنٹس آف پاکستان کی تقریب سے بھی خطاب کیا۔وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسن چودھری نے گزشتہ روز ایوان صدر میں صدر عارف علوی سے ملاقات اور انہیں وزارت اطلاعات و نشریات کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔