معاشی نظام تباہ، قوم عمران کا محاسبہ کریگی، چھپنے نہیں دیگی: حمزہ شہباز
لاہور ( نیوز رپورٹر) حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران کو سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے، ملکی معاشی حالت تشویشناک ہے، نئے پاکستان میں معاشی نظام کا بیٹرہ غرق ہوگیا اور ملک کا کوئی والی وارث نہیں۔ قوم اب آپ کا محاسبہ کرے گی، آپ کو چھپنے نہیں دے گی، انہیں خواب میں بھی شریف فیملی نظر آتی ہے، صرف اپنی نااہلی سے توجہ ہٹانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے حمزہ شہباز نے کہا کہ ریڑھی والا، مزدور اور ہر طبقہ پریشان ہی نہیں بلکہ مہنگائی نے انہیں ذہنی مریض بنادیا ہے، میں اپوزیشن اپوزیشن کھیلنے کیلئے یہ باتیں نہیں کررہا بلکہ میں ممبر اسمبلی سے پہلے پاکستانی ہوں، گلیوں چوراہوں میں جو باتیں ہو رہی ہیں وہ تشویش کا باعث ہیں۔ نیازی صاحب لاہور آئے اور پنجاب کابینہ اجلاس کی صدارت کی وہاں بھی انہیں میری یاد ستا رہی تھی، نیب اور نیازی صاحب کو صرف میری یاد آتی ہے، نیازی صاحب کو خواب میں بھی شریف فیملی نظر آتی ہے، نیازی صاحب شریف خاندان کے بغض میں جل رہے ہیں۔ خان صاحب آپ کو مانگے تانگے کی حکومت مل ہی گئی ہے لیکن کنٹینر پر جو وعدے کرتے تھے کہیں جھوٹ ہی نہ ہو جائیں۔ شہبازشریف کو چور، ڈاکو اور لٹیرا کہا لیکن کچھ ثابت نہ ہو سکا۔ قوم کو بتانا چاہتا ہوں انہیں آشیانہ اور صاف پانی میں تو کچھ نہ ملا اب منی لانڈرنگ کا جھوٹا دعوی کیا جارہا ہے، ایک بار پھر عمران نیازی منی لانڈرنگ پر جھوٹا ثابت ہو گا۔ آپ کون سے نئے پاکستان کی بات کرتے ہیں جس میں ادویات کی قیمتیں بڑھا دی گئی ہیں، صرف تقریریں نہ کریں غریب سے پوچھیں اس کے کیا حالات ہیں، ہم نے پیشکش کی آئیں مل کر معاشی حالت کو بہتر کریں لیکن ہمیں جواب میں چور اور ڈاکو کہا گیا، آج بھی آپ کو پیشگی کہہ رہے ہیں کہ رمضان کی آمد آمد ہے غریب کا سوچیں۔ نیازی کو نیب کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے، آپ کہتے ہیں آئی بی اور ایف آئی اے میرے نیچے ہے، آپ کو صرف اپوزیشن کی گرفتاریوں کا شوق ہے، آپ کو ڈالر کی قیمت میں اضافے کا میڈیا سے پتہ چلتا ہے یہ شرمناک بیان ہے۔