• news

مشتاق احمد ایشین ایوارڈ کیلئے منتخب وصول کرنے انگلینڈچلے گئے

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد ایشین ایوارڈ کیلئے منتخب، ایشین ایوارڈ وصول کرنے کیلئے انگلینڈ روانہ ہوگئے ہیں جہاںآج لندن میں تقریب سجائی جائے گی۔ ایشین ایوارڈ مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو دیا جاتا ہے۔ مشتاق احمد کو 92 ورلڈ کپ ، کاونٹی کرکٹ اور پھر 6 برس انگلینڈ ٹیم سے وابستگی پر ایوارڈ دیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل عالمی سکواش پر حکمرانی کرنے والے پاکستانی سٹار جہانگیر خان کو کھیلوں کے شعبے میں غیر معمولی کارنامے سرانجام دینے پر ایشین ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ مدر ٹریسا، سچن ٹنڈولکر،مرلی دھرن،مہندرا سنگھ دھونی،کمار سنگاکارا، عامر خان، امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، اے آر رحمان یش چوپڑا، انوپم کھیر،عرفان خان، جیکی چن، ڈاکٹر یونس سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی کئی شخصیات کو بھی گزشتہ 8 سال میں ایوارڈز سے نوازا جا چکا ہے۔اس ضمن میں مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ لائف ٹائم اچیو منٹ ایوارڈ ملنا اعزاز کی بات ہے اور یہ سب پاکستان کی وجہ سے ہی ممکن ہوا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن