پاکستان نے انسداد دہشتگردی سے متعلق اقوام متحدہ قرارداد پر عملدرآمد کے لئے رہنما اصول جاری کردیئے
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستان نے ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیوں سے متعلق قرارداد 1267پرعملدرآمد کے لئے رہنما اصول جاری کردئیے ہیں، سیکرٹری خارجہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے عمل میں اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی پاسداری کو پاکستان نے ہمیشہ مقدم رکھا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے دفتر خارجہ میں ایک باضابطہ تقریب میں پالیسی گائیڈ لائنز جاری کی ہیں، رہنما اصول اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں قومی کمیٹی نے تیار کئے ہیں، اقوام متحدہ کی قرارداد 1267کے تحت القاعدہ اور داعش جبکہ 1988کے تحت طالبان پر پابندیوں سے متعلق تادیبی اقدامات کئے گئے تھے، سیکرٹری خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ سب سے زیادہ جانی ومالی نقصان اٹھانے کے باوجود پاکستان نے بے مثال قومی عزم،اجتماعی دانش و قربانی اور مستقل جدوجہد سے دہشت گردی کا پانسہ پلٹ دیا،دہشت گردی کے عفریت کے خلاف قوم کا اجتماعی طرزعمل، سکیورٹی فورسز اور دیگر اداروں کی موثراور جامع حکمت عملی کارگر ثابت ہوئی، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جس طرح کامیابیاں حاصل کی ہیں اس کی اور مثال ملنا مشکل ہے،تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر سات کے تحت لاگو پابندیوں سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں کے موثر اطلاق کو بھی یقینی بنایا گیا، پالیسی گائیڈ لائنز کی موجودگی میں تمام فریقین کو مزید موثر انداز میں اقوام متحدہ کی نافذ کردہ پابندیوں پر عملدرآمد کرانے میں مدد ملے گی، گائیڈ لائنز کے اجراء کے موقع پر وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل انسداد دہشت گردی نے شرکاء کو تفصیلات سے آگاہ کیا، وفاقی حکومت 4 مارچ 2019ء کو پہلے ہی یواین سکیورٹی کونسل (فریزنگ اینڈ سیزر) آرڈر مجریہ 2019ء جاری کرچکی ہے۔