• news

پاکستان محور، مسلمانوں میں اتحاد کی ضرورت نوجوان گمراہ کرنیوالوں کے جھانسے میں نہ آئیں : امام کعبہ

اسلام آباد (نامہ نگار، نوائے وقت نیوز) امام کعبہ ڈاکٹر شیخ عبداللہ عواد الجھنی نے فیصل مسجد میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب توحید کی بنیاد پر قائم ہوئے اور پاکستان تمام مسلمانوں کا محور ہے۔ امام کعبہ نے کہا کہ مسلمانوں کو اتحاد کی سخت ضرورت ہے۔ انہوں نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعائیں بھی کروائیں۔ امام کعبہ نے اسلام آباد کی فیصل مسجد میں جمعہ کا خطبہ دیا اور نمازجنازہ جمعہ کی امامت کروائی جس میں بہت بڑی تعداد میں عوام شریک ہوئے۔ خطبے میں انہوں نے مسلمانوں کو تقویٰ اختیار کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن و امان سے رہنے کا درس دیتا ہے۔ اسلام اخوت و بھائی چارے کا نام ہے۔ امام کعبہ کا کہنا تھا رمضان کا مہینہ مسلمانوں کیلئے اللہ کا تحفہ ہے۔ اس مہینے میں صدقات اور خیرات کا اہتمام کریں۔ اس موقع پر فیصل مسجد کی اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات اور سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے جبکہ مسجد میں نمازیوں کے داخلے سے قبل مکمل جامہ تلاشی لی گئی۔ نمازجمعہ کی ادائیگی کیلئے خواتین و مرد حضرات کیلئے علیحدہ علیحدہ انتظامات کئے گئے تھے اور مسجد کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ بھی نصب کئے گئے تھے۔ دریں اثناء امام کعبہ ، سعودی سفیر، وفاقی وزیر مذہبی امور، قائد حزب اختلاف سینٹ و دیگر نے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں عصر حاضر کے تقاضے اور نوجوان کے موقع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے امام کعبہ شیخ عبداللہ عواد الجھنی نے کہا ہے کہ نوجوان کسی بھی معاشرے کی قوت ہوتے ہیں معاشرے کا کایا پلٹ سکتے ہیں۔ نوجوان اپنی قدومنزلت کو پہچانیں۔ نوجوانوں کو دین کے نام پر ورغلایا جاتا ہے۔ نوجوان گمراہ لوگوںکے جھانسے میں نہ آئیں۔ دینی مسائل میں علماء حق سے رہنمائی حاصل کریں۔ مقررین نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں کو دین کے قریب اور فکری انحراف سے بچانے کے لیے سعودی عرب میں ایک سو ملین ریال سے مرکزبنایا گیا ہے، سعودی عرب کے ساتھ ایمانی اورروحانی رشتہ ہے ممبرومحراب سے نوجوانوں کی تربیت نہیں ہورہی ہے، پاکستانی نوجوانوں کو گمراہ کرنے والی قوتیں بہت ہیں، گمراہ کرنے کے لیے میڈیااستعال ہورہاہے، معیشت کی مضبوطی کے بغیر آزادخارجہ پالیسی نہیں بن سکتی ہے نوجوانوں کی تربیت کے لیے جامعات اور مدارس کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ سعودی سفیر نواف سعید المالکی، وفاقی وزیرمذہبی امورپیر نورالحق قادری، قائدحزب اختلاف سینٹ راجہ ظفر الحق، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز، سعودی وکیل ڈاکٹرعبداللہ ،جامعہ اشریفہ لاہورکے سربراہ فضل الرحیم ،صدراسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر یوسف الدرویش، ریکٹر اسلامی یونیورسٹی معصوم یاسین زئی نے بھی سیمینار سے خطاب کیا۔ وفاقی وزیرمذہبی امورپیر نورالحق قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سعودی عرب کے ساتھ ایمانی اور روحانی رشتہ ہے پاک سعودی تعلقات دن بدن مضبوط ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ممرومحراب سے مسلمانوں کی تربیت نہیں ہورہی ہے ہماری ممبرومحراب اس سے خالی ہیںرسول ؐ نے سب سے زیادہ نوجوان نسل کی تربیت پر زوردیا۔ ہمارے پیغمبرؐ نے تربیت پر فوکس کیا اور معاشرے کو کہاں سے کہاں تک پہنچا دیا آپ کی شخصیت ہمارے لئے اسوۂ حسنہ ہے علما کرام اور دینی طبقات معاشرے کی کردار سازی کیلئے کردار ادا کرسکتے ہیں۔قائدحزب اختلاف سینٹ راجہ ظفر الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج کل اسلاموفوبیا کا چیلینز ہے اس کا علاج ایک ہی ہے کہ نوجوان نسل کے ذریعے اس کا مقابلہ کیاجائے رسولؐ نے بھی نوجوانوں کی تربیت پر زور دیاقائداعظم محمدعلی جناح جب بھی اہم اعلان کرتے تو نوجوانوں کے سامنے کرتے تھے علامہ اقبال نے بھی نوجوانوں کو اپنے شاعری کا مرکز بنایا۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج کا نوجوان پوری دنیا میں فکری انتشار کا شکار ہے جس کی وجہ سے وہ پرتشدد کارروائیوں کی طرف جاتے ہیں صومالیہ میں پہلے ترقی یافتہ ممالک سے نوکری کے لیے آتے تھے اب وہاں حالات اس قدرخراب ہیں کہ لوگ نقل مکانی کررہے ہیں یہی حال عرب سپرنگ کے بعد دیگر عرب ممالک کاہوگیا ہے مگرخوش قسمتی سے پاکستان اس سے بچ گیا ہے جامعات کو نوجوانوںکوعتدال کی طرف لانے میں اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔امام کعبہ فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر عبد اللہ بن عواد الجہنی 16اپریل کو لاہور آئیں گے۔ وہ دورہ لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، سپیکر پنجاب اسمبلی اور گورنر پنجاب سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ امام کعبہ کا لاہور پہنچنے پر اعلیٰ حکام استقبال کریں گے جبکہ صوبائی وزیر مذہبی امور پیر سعید الحسن اور علامہ طاہر محمود اشرفی بھی امام کعبہ کے ہمراہ ہوں گے۔ اسی دوران ڈاکٹر عبد اللہ بن عواد الجہنی بادشاہی مسجد میں نماز مغرب اور جامعہ اشرفیہ میں نماز عشاء کی امامت بھی کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن