کھریلو ملازمین سے متعلقہ قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے : عمران
اسلام آباد+کراچی (نمائندہ خصوصی +وقائع نگار) وزیراعظم عمران خان سے تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سردار یار محمد رند نے ملاقات کی۔ ڈیموں کی تعمیر اور کچھی کینال منصوبے میں مزید پیشرفت پر بات ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان عوام کے مسائل جلد حل کریں گے۔ بلوچستان کی تعمیرو ترقی اولین ترجیح ہے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ سندھ کے ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کراچی کیلئے 162 ارب روپے کے منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ گورنر سندھ نے حیدر آباد یونیورسٹی کے قیام کے لئے مختلف تجاویز وزیراعظم کو پیش کیں۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سی ڈی اے پلاٹوں کی نیلامی سے 11.28 ارب روپے کی آمدن ہوئی، یہ پاکستان کی معیشت کے مستقبل پر اعتماد کا اظہار ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم نے کہا کہ سی ڈی اے پلاٹوں کی نیلامی سے 11.28ارب روپے کی آمدن ہوئی ہے جو پاکستان کی معیشت کے مستقبل پراعتماد کا اظہار ہے۔ تاہم واضح ہوتا ہے ماضی میں کرپشن اور غیر شفافیت سے کتنی رقم ضائع ہوئی ہے۔دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے گھریلو ملازمین سے متعلق قوانین پرسختی سے عملدرآمد کی ہدایت کردی، مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قوانین بنانا ہی کافی نہیں اصل چیلنج ان قوانین پر انکی روح کے مطابق عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔ معاشرے میں مزدوروں کے حقوق کا تحفظ نہ صرف ہمارا قانونی بلکہ مذہبی اور اخلاقی فرض ہے حکومت کی جانب سے کسی قسم کے سیاسی مفادات سے بالا تر ہو کر اٹھائے جانے والے تمام تر اقدامات عام افراد اورکمزور طبقوں کی بہتری ہے۔وزیر اعظم نے اس امر کا اظہار اسلام آباد میں پنجاب لیبر پالیسی اور مزدوروں کی فلاح و بہبود کے سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات سے متعلق اجلاس میں کیا۔ وزیراعظم کو مزدوروں اور لیبر کی فلاح و بہبود کے لیے اٹھائے جانے والے دیگر اقدامات مثلا لیبر کالونیوں میں الاٹمنٹ میں شفافیت اور اسے منظم بنانے کے سلسلے میں اقدامات، ویلفیئر گرانٹس کی تقسیم اور پنجاب ویج بورڈ کی جانب سے مزدوروں کے لیے کم سے کم اجرت کو بڑھانے کے حوالے سے بھی زیر غور تجویز سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پنجاب میں مزدوروں کے لیے لائلٹی سکیم" کے تحت مزدوروں کے سپیشل کارڈز بنانے کی تجویز بھی زیر غور ہے جس کے تحت مزدوروں کو یوٹیلیٹی سٹورز اور ریلوے میں رعایت دینا مقصود ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت کی جانب سے کسی قسم کے سیاسی مفادات سے بالا تر ہو کر اٹھائے جانے والے تمام تر اقدامات عام افراد اورکمزور طبقوں کی بہتری ہے۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان لاڑکانہ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان سے خیبر پی کے کے وزراء عاطف خان اور شہرام ترکئی نے بھی ملاقات کی۔ قبائلی اضلاع میں آئندہ انتخاب‘ سیاسی سرگرمیوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے سیاحت اور بلدیات میں ترقیاتی امور کو مزید بہتر کرنے کی ہدایت کر دی۔ ملاقات میں خیبر پی کے کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پی کے میں عوامی مفاد میں حکومتی کارکردگی بہتر بنائی جائے۔