• news

ورلڈ کپ تیاری، قومی کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ شروع، عابد علی ، محمد حسنین ہدف میں ناکام

لاہور ( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) ورلڈکپ اور دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں آغاز ہوچکا ہے۔پی سی بی نے فٹنس ٹیسٹ کے لیے 15 اور 16 اپریل کا باقاعدہ اعلان کررکھا ہے تاہم کھلاڑیوں کی زیادہ تعداد کے پیش نظر جو کھلاڑی پہلے فٹنس ٹیسٹ دینے کے خواہش مند ہیں، ان کے ٹیسٹ لینے کا آغاز کردیا گیا ہے، اب تک بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، حارث سہیل، فہیم اشرف، محمد عباس، شاداب خان ، محمد حسنین اور عابد علی فٹنس ٹیسٹ دے چکے ہیں، فاسٹ بائولر محمد عامر، عماد وسیم، امام الحق، آج فٹنس ٹیسٹ دیں گے، قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بھی این سی اے میں رپورٹ کردیں گے تاہم وہ پندرہ اپریل کو فٹنس ٹیسٹ دیں گے۔چیف کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈ برن، فزیو کلف ڈکن اور ٹرینر گرانٹ لوڈن پر مشمل ٹیم فٹنس ٹیسٹ لے رہی ہے، اس دوران جو کرکٹر 17.4 کے بنچ مارک تک نہ پہنچ پائے وہ 15 اپریل تک دوبارہ ٹیسٹ دے سکتا ہے، اب تک صرف دو کرکٹرز عابد علی اور محمد حسنین ہی ہیں جو مطلوبہ ہدف سے معمولی سے پیچھے رہے ہیں، اسی لیے ایک بارپھر آج دوبارہ ٹیسٹ دیں گے۔فاسٹ بائولر محمد عامر کے لیے یہ فٹنس ٹیسٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ذرائع کے مطابق پیسر ان دنوں بھرپور ٹریننگ کرنے میں مصروف ہیں تاکہ وہ میگاایونٹ سے پہلے بھرپورفٹنس اور ردھم حاصل کرسکیں۔ بائولر کو یقین ہے کہ وہ ایک بار پھر سلیکٹرز اور ٹیم انتظامیہ کا دل جیتنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ ایک طرف سلیکشن کمیٹی ان کی کارکردگی سے پریشان ہے تو دوسری طرف ٹیم انتظامیہ خاص طورپر چیف کوچ مکی آرتھر اور بولنگ کوچ اظہر محمود بھی محمد عامر کی حالیہ پرفارمنس سے خوش نہیں ہیں۔ ورلڈ کپ سکواڈ میں شمولیت کے امیدوار عابد علی نے اپنی فٹنس کی ابتدائی طور پر آزمائش کر لی ہے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ کے دوران انفرادی طور پر انھوں نے فٹنس کو جانچا، یویو ٹیسٹ میں عابد نے17.4 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔دوسری جانب بابر اعظم، شاداب خان، عماد وسیم، محمد عامر، محمد عباس اور محمد حسنین کے ساتھ شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف نے بھی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ اور فٹنس ٹیسٹ کی تیاریوں کا آغاز کر دیا۔ 13 سے 22 اپریل تک قومی ٹیم کی تیاریوں کے شیڈول کا اعلان کیا گیا ہے۔آج سپنر محمد نواز کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں فٹنس ٹیسٹ ہو گا، ان کا یہ ٹیسٹ سٹیٹ بینک کی درخواست پر لیا جا رہا ہے جو انہیں پیٹرنز ٹرافی گریڈ 2 راولپنڈی میں آرمی کے خلاف میچ میں کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہے۔15اپریل کو ورلڈ کپ کے بقیہ 22ممکنہ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ قذافی سٹیڈیم میں لیے جائیں گے جبکہ 16 اور 17اپریل کو وہ 22ممکنہ کھلاڑیوں میں شرکت کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن