• news

پنجاب، خیبر پی کے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق، عوام کی خدمت عزم کام کر کے دکھائیں گے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعلیٰ خیبر پی کے محمود خان نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، عمومی سیاسی صورتحال اور ترقیاتی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پنجاب اور خیبر پی کے کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون اور شراکت بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ خیبر پی کے اور پنجاب کے عوام محبت کے بندھن میں بندھے ہیں اوردونوں صوبوں کی حکومتیں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ایک دوسرے سے تعاون کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی خالص غذا کی فراہمی کیلئے خیبر پی کے کو معاونت فراہم کر سکتی ہے۔ عوام کی خدمت مشترکہ عزم ہے، کام کرکے دکھائیں گے۔ پنجاب میں نجی شعبے کے تعاون سے سیاحت کے نئے مقام ڈویلپ کرنے کے پروگرام پر کام کر رہے ہیں۔ بارڈر ایریا میں مشکوک اور سماج دشمن عناصر کی آمد و رفت روکنے کیلئے مشترکہ اقدامات کریں گے۔ پنجاب میں سڑکوں کی تعمیر کے مختلف منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بنائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے محمود خان نے عثمان بزدار کو پشاور کے دورے کی دعوت دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پہلی فرصت میں خیبر پی کے کا دورہ کروں گا۔ محمود خان نے عثمان بزدار سے فتح محمد خان بزدار کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ عثمان بزدار نے جنوبی وزیرستان میں باراتیوں کی گاڑی ریلے میں بہنے کے باعث قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ عثمان بزدارنے بیساکھی کے تہوار پر سکھ برادری کو مبارکباد دی ہے۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سکھ برادری کو تقریبات میں شرکت کیلئے پنجاب آمد پرخوش آمدید کہتے ہیں اور ہم سکھ برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ پاکستان میں اقلیتوں کو آئین کے تحت برابر کے حقوق حاصل ہیں اور نیا پاکستان تحمل، برداشت، بھائی چارے اور یگانگت کے سنہرے اصولوں پر چل رہا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی آزادی پر یقین رکھتی ہے اور سکھ یاتری پاکستان سے محبت اور بھائی چارے کا مثبت پیغام لے کر جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن