• news

محکموں کی کرکٹ ختم کرنے سے ہزاروں خاندان متاثر ہونگے:سرفراز نواز

لاہور(نمائندہ سپورٹس)قومی ٹیم کے سابق ٹیسٹ فاسٹ باؤلرسرفراز نواز کا کہنا ہے کہ محکموں کی کرکٹ ختم کرنے سے ہزاروں خاندان متاثر ہونگے، محکموں نے پاکستان کی کرکٹ کو مضبوط بنانے اور کھیل کے فروغ میں سب سے اہم کردار ادا کیا ہے۔ آج ملک میں لاکھوں لوگ کرکٹ کھیلتے ہیں تو اسکے پیچھے ان محکموں کا ہاتھ ہے جنہوں نے اپنی ٹیمیں بنائیں اور نوجوانوں کا معاشی مستقبل محفوظ بنایا۔ محکموں کی ٹیمیں ختم ہونے سے کرکٹرز بے روزگار ہونگے، معاشی مسائل پیدا ہونگے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان خود دو محکموں کی طرف سے کرکٹ کھیلے ہیں۔ انہیں اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ لندن سے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کر رہے تھے۔ سرفراز نواز کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کو مضبوط بنانا اور محکموں کی ٹیمیں ختم کرنا دو مختلف چیزیں ہیں۔ محکموں نے کرکٹرز کو۔لازمتیں دیکر نوجوان نسل کے لیے کھیل میں کشش پیدا کی معاشی مستقبل کو محفوظ دیکھ کر ہی نوجوانوں میں کھیل کا شوق بڑھا آج ہم محکموں کی ٹیموں کو بند کر رہے ہیں تو اسکا مطلب ہے کہ ہم کرکٹرز سے انکا روزگار اور محفوظ مستقبل چھین رہے ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا کے نظام کا موازنہ کرتے ہوئے وہاں دستیاب سہولیات، وسائل اور آبادی کو کیوں نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ ہمیں اپنی آبادی اور کرکٹ کھیلنے والوں کی تعداد کو سامنے رکھتے ہوئے نظام بنانے کی ضرورت ہے۔ ہماری اپنی ضروریات اور تقاضے ہیں ہمیں آسٹریلیا کے نظام کی نقل کے بجائے اپنے نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن