• news

ناکام افراد کا گروہ قومی کھیل کو بدنام کرنے کی مہم پر ہے:قمر ابراہیم

لاہور( نمائندہ سپورٹس) اولمپیئن قمر ابراہیم کا کہنا ہے کہ ناکام افراد کا گروہ ایک مرتبہ پھر عہدوں کی لالچ میں قومی کھیل کو بدنام کرنے کی مہم پر ہے۔ سابق ہاکی کھلاڑی قومی کھیل کے بجائے ذاتی مفادات کے حصول کے لیے میدان میں ہیں۔ ہاکی فیڈریشن کی ناکامی کا کہنے والے خود اپنے اپنے عہدوں پر ناکام رہے ہیں۔خواجہ جنید، محمد ثقلین، نوید عالم، حنیف خان اور خالد بشیر سمیت دیگر افراد موجودہ فیڈریشن کے ساتھ کام کرتے ہوئے ناکام رہے ہیں اپنی ناکامی چھپانے اور عہدہ حاصل کرنے کے لیے حکومت اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان سب کے پاس قومی کھیل کی بہتری کا کوئی منصوبہ نہیں ہے، یہ سازشیں کرنے اور ٹانگیں کھینچنے کے علاوہ کچھ نہیں کر سکتے۔ یہ بحثیت منتظم ناکام رہے تھے آئندہ بھی ناکام ہی رہیں گے۔ انک ایجنڈا ذاتی مفادات کا حصول ہے انہیں ہاکی کا کوئی دکھ نہیں ہے۔ سیمینار کرنے والوں کی گزشتہ دس برس میں سرگرمیوں اور ہاکی فیڈریشن کے مختلف عہدیداران سے سے تعلق کو دیکھ لیں سب کو اندازہ ہو جائے گا کہ کون کیا چاہتا ہے۔ جو بحثیت کوچ ناکام ہوا ہے وہ بھی سیکرٹری کو تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے اور جو بحثیت ڈائریکٹر کچھ نہیں کر سکا وہ بھی پی ایچ ایف انتظامیہ کو ہدف بنا کر اپنی نااہلی چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔ یہ ناکام افراد ہیں اور مستقبل میں بھی ناکام رہیں گے۔ انہیں کوئی اسائنمنٹ مل بھی جائے تو یہ کرنے کے اہل نہیں ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن