اختیارات کی نچلی سطح تک شفاف منتقلی کے بغیر مسائل حل نہیں ہو سکتے:خواجہ ندیم
لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے سابق رکن اور لاہور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر خواجہ ندیم احمد کا کہنا ہے کہ اختیارات کی نچلی سطح تک شفاف منتقلی اور ایسوسی ایشنز میں پیشہ وارانہ بنیادوں پر کام کے آغاز کے بغیر مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ ہم اوپر سے رنگ روغن کرنے کی کوشش کرتے اور حقیقی مسائل کو نظر انداز کرتے رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ آج تک مسائل سے نہیں نکل سکے۔ نظام کی خرابی مسائل کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ کرکٹ بورڈ ایسوسی ایشنز پر اعتماد نہیں کرتا، ایسوسی ایشنز میں بھی ایسے لوگ ہوتے ہیں جو کھیل کے بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دیتے ہیں، بورڈ انہیں پیسہ نہیں دیتا اگر بورڈ فنڈز فراہم کر دے تو وہ انکا درست استعمال نہیں کرتے، ایسوسی ایشنز میں پی سی بی کا سٹاف مل کر کام کرے اور اسے حقیقی معنوں میں کارپوریٹ کلچر دیا جائے اور ایسوسی ایشنز کا بااختیار بنایا جائے، پیشہ وارانہ بنیادوں پر کام کرنے کا ہنر جاننے والے افراد کو ذمہ داریاں دی جائیں تو علاقائی سطح کی کرکٹ میں بہتری کے امکانات موجود ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے فنڈز درست انداز میں نچلی سطح پر خرچ ہوں، ایسوسی ایشنز کے عہدے دار روزمرہ معمولات کی ذمہ داری اٹھائیں پی سی بی انکی مناسب مانیٹرنگ کرے اور انہیں بااختیار بنائے۔