نیشنل بیچ ہینڈ بال چیمپئن شپ 25 سے 28 اپریل تک ہوگی
لاہور(نمائندہ سپورٹس) 10 ویں نیشنل بیچ ہینڈ بال چیمپئن شپ 25 سے 28 اپریل تک یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد میں منعقد ہوگی۔ چیمپئن شپ میں دس ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں آرمی، واپڈا، پولیس، ریلویز، ایچ ای سی، بلوچستان، کے پی، اسلام آباد، سندھ اور میزبان پنجاب کی ٹیمیں شامل ہیں۔ پاکستان ہینڈ بال فیڈریشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیمپئن شپ میں افغانستان ہینڈ بال ٹیم کی شرکت بھی متوقع ہے جس کیلئے حکومت سے کلیئرنس مانگی گئی ہے۔ آرمی ٹیم اعزاز کا دفاع کریگی۔ چیمپئن شپ سے نیشنل بیچ ہینڈ بال ٹیم کا انتخاب بھی کیا جائیگا جو 15 سے 22 جون تک 7 ویں ایشین بیچ ہینڈ بال چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کریگی۔ نیشنل بیچ ہینڈ بال چیمپئن شپ کے بعد نیشنل بیچ ہینڈ بال کلب لیگ کا انعقاد بھی کیا جائے گا جو 29 اپریل سے 2 مئی تک کھیلی جائیگی جس میں شعیب کلب ٹائٹل کا دفاع کریگی۔ ایونٹ کی تیاری کیلئے فیڈریشن نے انتظامات کرنا شروع کر دیئے ہیں ۔افغان ٹیم کے آنے پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں گے ۔