سمندری مفادات کے تحفظ کے لیے میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کا کردار قابل ستائش ہے،پرویز خٹک
کراچی ( نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ محدود وسائل ہونے کے باوجود پاکستان کے سمندری مفادات کے تحفظ کے لیے پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کا کردار قابل ستائش ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے ہفتہ کو پاکستان میری ٹائم ایجنسی کے ہیڈکوارٹر کے دورے کے موقع پر کیا ۔ہیڈکوارٹر آمد پر ڈائریکٹر جنرل میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی ریئر ایڈمرل ذکاء الرحمن نے وفاقی وزیردفاع کا استقبال کیا اور افسران سے ان کا تعارف کرایا ۔پرویز خٹک نے ڈائریکٹر جنرل میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی سے ون آن ون ملاقات کی ۔وفاقی وزیر دفاع کو میری ٹائم ایجنسی کے کردار ،اہداف اور درپیش چینجز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔پرویز خٹک نے میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے بیڑے میں نئے شامل ہونے والے جہاز پی ایم ایس ایس کشمیر کا بھی دورہ کیا جہاں وزیردفاع کو جہاز کی صلاحیتوںکے بارے میں کمانڈگ آفیسر کی جانب سے بریفنگ دی گئی ۔وزیردفاع نے جہاز کے مختلف آلات کے معیار اور صلاحیتوں کی خوب تعریف کی ۔انہوںنے درپیش چیلنجز سے کامیابی سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے پر بھی زور دیا ۔انہوںنے محدود وسائل ہونے کے باوجود پاکستان کے سمندری مفادات کا تحفظ کرنے پر پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کی کوششوں کو خوب سراہا ۔