• news

ڈیڈ لائن گزر گئی، دوائیں سستی نہ ہو سکیں، کمپنیوں نے نئے قیمت والا سٹاک روک لیا

اسلام آباد(قاضی بلال؍خصوصی نمائندہ)وزیراعظم عمران خان کی جانب سے 72گھنٹے کی ڈیڈ لائن میں ادویات کی قیمتوںمیںکوئی واضح کمی نہ آ سکی ۔دوسری جانب بڑے پیمانے پر کریک ڈائون کے باوجود صورتحال بہتر نہ ہوسکی جن ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا وہ یا تو مارکیٹ سے غائب ہوگئیں یا پھر اسی قیمت پر فروخت ہو رہی ہیں۔ وفاقی وزیر عامر محمود کیانی چھٹی والے روز میںڈریپ کے آفس پہنچ گئے اور اعلیٰ سطح اجلاس میں قیمتوں پر کنٹرول سے متعلق صلاح مشورے کئے، ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر نے ڈریپ کو فری ہینڈدیدیا اور ان کمپنیوں کے متبادل ذرائع کے استعمال کرنے پر زور دیا۔ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے خام مال کی بندش کی وجہ سے یہ بحران پیدا ہوا ہے۔چین سے خام مال اتنی بڑی مقدار میں نہیں آتا جتنا بھارت سے آتا تھا پاکستان میں اپنا خام مال تیار کرنے کی صلاحیت ہی نہیں اس کے علاوہ افریقی ممالک سے خام مال منگوانا مشکل اوربہت زیادہ مہنگا پڑتا ہے۔ڈالر کی قیمت کے اثرات بھی فارما انڈسٹری پر پڑ رہے ہیں۔ فارما سوٹیکل کمپنیوں نے ایک ہفتہ پہلے قیمتوں میں 40 سے 225 فیصد تک اضافہ کیا تھا ،ڈریپ نے نو سے 15 فیصد اضافے کی اجازت دی تھی۔ وزیراعظم نے عوام کے مطالبے پر دس اپریل کو ادویات کی قیمتیں واپس لینے کے لیے بہتر گھنٹے کا الٹی میٹم دیا تھا۔محکمہ صحت کا نوٹفکیشن دوا ساز کمپنیوں پر بے اثر ثابت ہوا،وزیراعظم اور وزیر صحت کے احکامات اور حکومتی کریک ڈاؤن کے باوجود ادویات کی قیمتیں کم نہیں ہوئیں جبکہ حکومتی ناکامی کے بعد عوام مہنگی ادویات خریدنے پر مجبورہیں۔دوسری جانب وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی کی صدارت میں ڈریپ کا اجلاس ہوا، جس میں ادویات کی قیمتوں میں غیر قانونی اضافے سے متعلق صورتحال کا جائزہ لیا گیا ، جبکہ ادویات کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے فارمولے پر بھی غور کیا گیا ۔
اسلام آباد (آئی این پی) ادویات کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون جاری ، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی ٹیموں نے چھاپے مار کر مہنگی بیچی جانے والی ادویات قبضے میں لے لیں۔ وزیر صحت عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ عوام سے زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر صحت عامر کیانی کے حکم پر ادویات مہنگی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون میں تیزی، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے پشاور، لاہور اور کراچی میں چھاپے مارے۔ وزیر صحت نے ادویات مہنگی کرنے والوں کو سخت سزائیں دینے کا اعلان کر دیا۔ڈریم کی ٹیم نے پشاور میں مدینہ انٹرپرائز پر چھاپہ مارا اور من مرضی سے مہنگی بیچی جا نے والی 5 قسم کی ادویات کا بھاری سٹاک قبضے میں لے لیا۔ کراچی اور لاہور میں بھی ادویات خودساختہ مہنگی کرنے والی کمپنیوں کے ڈسٹری بیوشن سنٹرز پر کریک ڈان کیا گیا اور ادویات کا سٹاک ضبط کر لیا۔دریں اثناء ادویات ساز کمپنیوں نے وزیراعظم کے اعلان پر عملدرآمد کے بجائے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نئی قیمتوں والے اسٹاک کی سپلائی روک دی ہے، جس کے باعث ملک بھر میں لائف سیونگ ادویات کے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ادویات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان پر فارماسوٹیکل کمپنیاں بلیک میلنگ پر اترآئیں ہیں اور انہوں نے من مانی کرتے ہوئے ادویات کی نئی قیمتوں والے سٹاک کی سپلائی روک دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن