• news

شریک حیات کا تعلیم یافتہ‘ مجھ سے ذہنی آہنگی‘ بہنوں سے بننا ضروری ہے‘ بلاول

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ صبح اٹھ کر پہلے ناشتہ کرتا ہوں۔ کافی‘ انڈے اور کبھی کبھار پراٹھا کھاتا ہوں۔ والدہ کہتی تھیں وہ ہم سب کو برابر چاہتی ہیں۔ والد بھی یہی کہتے ہیں میرا خیال ہے والد کو زیادہ پسند میری بہنیں ہیں۔ کوشش کر رہا ہوں عمران خان کی کوئی بات پسند آئے۔ بلاول بھٹو نے پی ٹی آئی کیلئے شعر بنایا۔ ’’برباد گلستان کرنے کو بس ایک ہی الو کافی تھا‘‘ ’’ہر شاخ پر الو بیٹھا ہے انجام گلستان کیا ہو گا‘‘۔ ایک سوال پر کہا کہ والدہ نے بہت ساری نصیحتیں دیں والدہ کی ایک نصیحت یہ تھی کہ جب کوئی غصہ کرے تو ردعمل غصے میں نہیں دینا چاہئے۔ والدہ نے نصیحت کی کہ غصے کے ردعمل سے پہلے دس تک گنتی کرنی چاہئے۔ والدہ سے بہت سی یادیں وابستہ ہیں جب والد قید میں تھے تو والدہ کہتی تھیں کہ اچھا وقت ضرور آئے گا۔ والد جیل سے باہر آ گئے اور ہمارے اچھے دن آ گئے۔ مجھے آکسفورڈ میں داخلہ ملا تو والدہ بہت خوش ہوئیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے شادی کیلئے اظہار دلچسپی کرتے ہوئے کہا کہ شریک حیات کو ذہین اور تعلیم یافتہ ہونا چاہئے۔ ذہنی ہم آہنگی ہونی چاہئے۔ ضروری ہے کہ میری شریک حیات کی میری بہنوں کے ساتھ بن سکے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ آفس میں آویزاں سب سے پسندیدہ چیز میری ماں کا پوسٹر ہے۔ ایک سوال پر کہا کہ کسی کو بتائے بغیر گھر سے باہر نہیں جاتا۔ میں نہیں سمجھتا کہ پاکستان کے لوگ پی پی کو پسند نہیں کرتے۔ پی پی نے آمریت کے خلاف مختلف ادوار میں مصائب سہے۔

ای پیپر-دی نیشن