کانگرس کشمیر سے فوج واپس بلانا چاہتی ہے، عوام جاگ جائیں: مودی کا نیا واویلا
نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ کانگریس جموں و کشمیر سے فوج واپس بلانا چاہتی ہے۔ عوام جاگ جائیں اور کانگریس کے سدھرنے کا خواب نہ دیکھیں۔ جموں کشمیر کے علاقے کاٹھوا میں خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ کانگریس جموں و کشمیر سے فوج کو واپس بلانا چاہتی ہے۔ جموں کشمیر کی خاطر ان دونوں خاندانوں کو مسترد کیا جانا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام جاگ جائیں اور کانگریس کے سدھرنے کا خواب نہ دیکھیں۔ مودی نے دعویٰ کیا کہ لوک سبھا کے انتخابات میں بی جے پی 2014ء کی نسبت زیادہ نشستیں جیلیں گی۔ بھارت میں ان دنوں الیکشن کا بخار سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ برسراقتدار بھارتی جنتا پارٹی اور کانگریس پارٹی کے مابین اقتدار کی رسہ کشی کیلئے جلسے‘ جلوسوں‘ ریلیوں اور بیانات کا سلسلہ بتدریخ جاری ہے۔ گزشتہ روز بھارتی وزیراعظم نے ایک انتخابی ریلی میں اپنے خطاب کے دوران ووٹرز سے کہا کہ سکیورٹی کے حوالے سے پاکستان کیساتھ میری ترجیحات کیوں ہیں۔ نریندر مودی نے کہا کہ بھارتی ائرفورس کے بالاکوٹ (آزاد کشمیر) پر حملے نے پاکستانی نیوکلیائی طاقت کا پول کھول دیا ہے اور اس حوالے سے پاکستانی دعوے جھوٹ پر مبنی ہیں جس کی دھمکیاں پاکستان اور اسکے اتحادی ممالک آج تک دیتے رہے ہیں۔ انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران بھارتی وزیراعظم نے ایک بار پھر گیدڑ بھبھکی دیتے ہوئے خبردار کیا کہ وہ دن گزر گئے جب بھارت کو دھمکیاں دی جاتی تھیں۔ یہ نیا بھارت ہے جو سرحد پار دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں پر حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور سٹرائیک کریگا۔