کشمیر، فلسطین ایک دن آزاد ہونگے، ایمانداری اعلی قیادت سے ہی نیچے منتقل ہوتی ہے: صدر
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی، اے پی پی، آئی این پی) صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان نے نہ صرف دہشت گردی کا کامیابی سے مقابلہ کیا اور اس ناسور کو شکست دی بلکہ اسلام اور دہشت گردی کے حوالے سے تشریح کو بھی غلط ثابت کیا، اسلام کا پیغام ہمدردی اور مساوات کا ہے ،پاکستان نے افغان مہاجرین کوپناہ دے کردنیاکوبتایا کہ انسانیت کیاہوتی ہے، حضور نبی کریم ؐ کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے، آپؐ پوری امت کے لئے سراپا محبت تھے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ کشمیر اور فلسطین ایک دن آزاد ہوں گے کیونکہ کسی برادری یا مذہب کو طاقت سے نہیں دبایا جاسکتا ۔ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ میرا دل کشمیر اور فلسطین کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ کشمیر اور فلسطین میں آزادی کی تحریکوں کو طاقت سے ختم نہیں کیا جاسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام چوتھی پیغام اسلام کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا پاکستان نے35 لاکھ افغان مہاجرین کی بہترین میزبانی کی، بعض ممالک مصیبت زدہ مہاجرین کیلئے دیواریں کھڑی کررہے ہیں اور بعض ممالک مہاجرین کے معاملے پر بحث و مباحثہ کر کے صرف 50 مہاجرین کو پناہ دینے پر آمادہ ہوتے ہیں۔ ہم نے افغان مہاجرین کو خوش آمدید کیا۔افغان مہاجرین کی تیسری اورچوتھی نسلیں پاکستان میں پروان چڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا اسلام کا پیغام ہمدردی اور مساوات کا ہے۔ ایمانداری اعلی قیادت سے ہی نیچے منتقل ہوتی ہے اور صحابہ کرام نے حضور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کر کے دکھایا کہ عدل اور مساوات کیا ہوتی ہے۔صدر علوی نے کہا کہ پاکستان نے افغان مہاجرین کوپناہ دے کردنیا کو بتایا انسانیت کیا ہوتی ہے۔ دنیا پاکستان کی افواج کوخراج تحسین پیش کررہی ہے۔ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 70 ہزارسے زائدجانوں کی قربانی دی اور اس جنگ میں کامیابی سے امن حاصل کیا ہے۔ انہوں نے سانحہ کوئٹہ میں ہزارہ کمیونٹی کے افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ ہم شہداء کی بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گو ہیں، پوری قوم ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہے۔قبل ازیںامام کعبہ شیخ ڈاکٹر عبداللہ عواد الجوہانی نے تلاوت قرآن پاک سے پیغام اسلام کانفرنس کا افتتاح کیا ۔ صدر نے مزید کہا مسلح افواج نے قربانیاں دیکر ملکی بقاء کیلئے کام کیا ور دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نورالحق قادری نے کانفرنس سے خطاب کرتے کہا مسلم امہ کے اتحاد کی بالخصوص پاکستان اور بالعموم اسلامی دنیا کو اشد ضرورت ہے، اتفاق اور یکجہتی کی فضا کیلئے کام کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ علامہ طاہر اشرفی اس ضمن میں اہم کردر ادا کر رہے ہیں، کلین اینڈ گرین پاکستان صرف عمران خان کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شخص کی ذمہ داری ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم سب کو مل کر اتحاد امت کیلئے کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آج کی اس کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کی نمائندگی ہے، اسی اتحاد اور اتفاق اور یکجہتی کی فضا کی نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امت مسلمہ کو ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان ہم سب کی ذمہ داری ہے جس کا اعلان وزیراعظم عمران خان نے کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ منبر و محراب سے بھی سرسبز پاکستان کیلئے آواز آئے اور ہر پاکستانی اس میں اپنی قومی ذمہ داری پوری کرے۔