قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کا 18 اپریل کو اجلاس طلب، بلاول نے کارکردگی رپورٹ مانگ لی
اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کے چیئرمین بلاول بھٹو زرادری نے وزارت انسانی حقوق سے کارکردگی رپورٹ طلب کر لی ۔وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری کو اہم نوعیت کے اجلاس کا ایجنڈا بھیجوا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 18 اپریل جمعرات کو قائمہ کمیٹی کا اہم نوعیت کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔قائمہ کمیٹی کے اختیار کے حوالے سے کارروائی کے سسلسلے میں بلاول بھٹو کی سربراہی میں کمیٹی کا یہ پہلا باضابطہ اجلاس ہوگا۔اجلاس کی کارروائی کے دوران معذور افراد کے حقوق سے متعلق بل پر غور کیا جائے گا اسی طرح کمیٹی نے قومی کمیشن برائے حیثیت خواتین ترمیمی بل کا جائزہ لیا جائے گا ۔چیئرمین کمیٹی کی طرف سے واضح طور پر متعلقہ وزارت اور اداروں سے کہا گیا ہے کہ ملک میں بنیادی انسانی حقوق بالخصوص خواتین،بچوں اور اقلیتیوں کے تحفظ کے حوالے سے قانونی اقدامات اور دیگر لائحہ عمل سے آگاہ کیا جائے۔