پنجاب میں بڑی اکھاڑ پچھاڑ، 14 سیکرٹری تبدیل
لاہور( خصوصی نامہ نگار) پنجاب حکومت نے بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کر دی ، 14 سیکرٹریوں کے تقرر و تبادلے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کیپٹن (ر) فضیل اصغر کو تبدیل کر کے خدمات وفاق کے سپرد کر دی گئیں، وزیرا علیٰ کے پرنسپل سیکرٹری راحیل احمد صدیقی کو تبدیل کر کے سیکرٹری خزانہ جبکہ سیکرٹری کوارڈی نیشن محمد شعیب کو وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری کا اضافی چارج بھی سونپ دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کے فرائض سر انجام دینے والے کیپٹن (ر) فضیل اصغر کو پنجاب سے تبدیل کر کے ان کی خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سپرد،سیکرٹری خوراک شوکت علی کو تبدیل کر کے سیکرٹری زراعت جبکہ سیکرٹری خوراک کا عہدہ بدستور گریڈ 21کا رہے گا۔ جبکہ تقرری کے منتظر نسیم صادق کو سیکرٹری خوراک تعینات کر دیا گیا ، سیکرٹری خزانہ حامد یعقوب شیخ کو تبدیل کر کے ان کی خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن ، سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن شیر عالم محسود کو تبدیل کر کے ان کی خدمات وفاق کے سپرد، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری راحیل احمد صدیقی کو تبدیل کر کے سیکرٹری خزانہ ، سیکرٹری کوارڈی نیشن محمد شعیب اکبر کو پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ کا اضافی چارج ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ بابر شفیع کو تبدیل کر کے ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے ، سیکرٹری آبپاشی سید علی مرتضیٰ کو تبدیل کر کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ، تقرری کے منتظر عبد اللہ خان سنبل کو سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی ، تقرری کے منتظر نبیل احمد اعوان کو سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ، سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی احمد رضا سرور کو تبدیل کرکے ان کی خدمات وفاق کے سپرد، سیکرٹری زراعت واصف خورشید کو تبدیل کر کے سیکرٹری ٹرانسپورٹ جبکہ تقرری کے منتظر ڈاکٹر جاوید قاضی کو سیکرٹری آبپاشی تعینات کر دیا گیا۔