منی لانڈرنگ کرنیوالا طبقہ لوٹ مار کا نظام قانونی بنا لیتا ہے، فرانسیسی معیشت دان فریڈرک باسٹائیٹ کا قول سچ: عمران خان
اسلام آباد (آئی این پی + این این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ منی لانڈرنگ کرنے والوں سے جب سوال کرو تو ان کا غصہ واضح ہوتا ہے‘ فریڈرک باسٹائیٹ کا قول منی لانڈرنگ کرنے والوں کے حوالے سے ایک سچ ہے۔ اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر وزیراعظم نے اپنے بیان میں ماضی کے فرانسیسی معیشت دان فریڈرک باسٹائٹ کا حوالہ دیا۔ وزیراعظم کے مطابق فریڈرک باسٹائٹ نے کہا ہے کہ لوٹ مار معاشرہ کے ایک طبقہ کیلئے زندگی کا طریقہ بن جاتا ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ یہ طبقہ لوٹ مار کیلئے نظام قانون بنا لیتا ہے۔ یہ نظام اسے لوٹ مار کی اجازت اور اخلاقی جواز فراہم کرتا ہے۔ایک انگریزی جریدہ نے اس ٹویٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے فرانسیسی ماہر اقتصادیات کا یہ قول شیئر کر کے ملک میں بااثر شخصیات اور سینئر سیاستدانوں کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزام میں ہونیوالی تحقیقات کو وزن دینے کی کوشش کی ہے۔