آل پاکستان ویمن انٹرورسٹی سائیکلنگ‘یونیورسٹی آف لاہور کی کھلاڑی چھائی رہیں
لاہور(سپورٹس رپورٹر) 7 ویں آل پاکستان ویمن انٹرورسٹی سائیکلنگ کا لاہور میں آغاز ہو گیا۔ پہلے روز چار کیٹگریز کے مقابلے ہوئے جن میں یونیورسٹی آف لاہور کی کھلاڑی چھائی رہیں۔ جن میں 500 میٹر ٹائم ٹرائل فائنل، 1000 میٹر فائنل، تین کلو میٹر انفرادی پرسوٹ کے علاوہ ایک کلو میٹر سپرنٹ فائنل شامل تھے۔ سائیکلنگ ویلیو ڈروم میں 500 میٹر ٹائم ٹرائل کا ٹائٹل یونیورسٹی آف لاہور کی اقصٰی نے اپنے نام کیا۔ انہوں نے مقررہ فاصلہ 46.37 سیکنڈ میں طے کیا۔ لاہور کالج یونیورسٹی کی صدف دوسری، پنجاب یونیورسٹی کی حمیرا نے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔ یونیورسٹی آف سرگودھا کی زینب چوتھے، سپیرئر یونیورسٹی کی بینش پانچویں جبکہ بہاوالدین ذکریا یونیورسٹی کی رخسانہ چھٹے نمبر پر رہیں۔ 1000 میٹر فائنل میں یونیورسٹی آف لاہور کی رضیہ حنیف نے پہلی، لاہور کالج کی صدف دوسرے، پنجاب یونیورسٹی کی خدیجہ تیسرے، سپیرئر یونیورسٹی کی بینش چوتھے، زینب پانچویں جبکہ رخسانہ نے چھٹے نمبر پر رہیں۔ تین کلو میٹر انفرادی پرسوٹ فائنل میں رضیہ حنیف پہلے، بینش دوسرے، مہوش تیسرے، صدف چوتھے، سحرش پانچویں جبکہ زینب چھٹے نمبر پررہیں۔ 1 کلو میٹر ٹیم پرسوٹ فائنل بھی یونیورسٹی آف لاہور کے نام رہا۔ جس میں رضیہ، اقصٰی اور عائشہ نے اپنی ٹیم کی نمائندگی کی۔ سپیرئر یونیورسٹی نے دوسری، لاہور کالج یونیورسٹی نے تیسری، پنجاب یونیورسٹی چوتھے، بہاوالدین ذکریا یونیورسٹی پانچویں جبکہ یونیورسٹی آف سرگودھا چھٹے نمبر پر رہی۔ چیمپئن شپ کے آخری روز آج تین روڈ کے ایونٹس سمیت تین کلو میٹر ٹیم پرسوٹ اور ایلیمینیشن ریس کے مقابلے ہونگے۔ مہمان خصوصی پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر ادریس حیدر خواجہ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرینگے۔