قومی مینز والی بال چیمپئن شپ آج سے شروع ‘واپڈا کی ٹیم اعزاز کا دفاع کریگی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) 51 ویں قومی مینز والی بال چیمپئن شپ آج سے نشتر سپورٹس کمپلیکس لاہور کے انڈور جمنیزیم ہال میں ہوگی، چیمپئن شپ میں پاکستان کی ٹاپ 16 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ واپڈا ٹیم اعزاز کا دفاع کریگی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری یعقوب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان والی بال فیڈریشن کے سیکرٹری انجینئر شاہ نعیم ظفر، سپانسر ادارہ کے ہیڈ آف مارکیٹنگ شرجیل حسن، ٹرانس میڈیا کے راو عمر ہاشم، صدر پنجاب والی بال ایسوسی ایشن سہیل حبیب تاجک و دیگر آفیشلز بھی موجود تھے۔ چوہدری یعقوب کا کہنا تھا کہ ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ روزانہ تین میچز کھیلے جائیں گے۔ 20 اپریل کو سیمی فائنلز جبکہ 21 کو فائنل میچ کھیلا جائیگا۔ اس سال پاکستان والی بال فیڈریشن کو نیشنل چیمپئن شپ کے انعقاد کے لیے سپانسرز نے ساتھ دیا ہے جس پر ہم ان کے مشکور ہیں۔ پاکستان میں والی بال کا بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے یہی وجہ ہے کہ ہمارے کھلاڑی غیر ملکی لیگز میں بھی جا کر پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ ایشین گیمز اور ایشین چیمپئن شپ میں شریک کھلاڑیوں کی کارکردگی پر غیر ملکی لیگز میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔ سپانسر اداروں کے ساتھ ملکر نیشنل ان ڈور اور بیچ والی بال کے مقابلے کرائے جائیں گے جس سے کھیل اور کھلاڑی دونوں کو ترقی ملے گی۔ ہم نے ویمنز والی بال کو بھی ترقی دینے کا فیصلہ کیا ہے جلد اس سلسلہ میں ویمنز والی بال کے مقابلوں کا بھی شیڈول جاری کر دیا جائیگا۔سپانسر ادارہ این ڈیور کے ہیڈ آف مارکیٹنگ شرجیل حسن کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ اپنے ادارے کے ذریعے کھیلوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔ ٹرانس میڈیا کے راو عمر ہاشم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ضروری ہے کہ انہیں پرموٹ کیا جائے ۔ بعد ازاں 51 ویں نیشنل والی بال چیمپیئن شپ کے لوگو کی رونمائی کی گئی۔