• news

کفایت شعیاری? چیئرمین پی سی بی کیلئے بھاری مراعات

لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) بچت، کفایت شعاری اور سادگی کے دعویدار کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کی مراعات کی منظوری گورننگ بورڈ کے سترہ اپریل کو ہونیوالے اجلاس میں دی جائیگی۔ بورڈ ممبران چیئرمین پی سی بی کو گھر کی تزئین و آرائش کیلئے بیس لاکھ روپے کی منظوری بھی دیں گے، انکی رہائش گاہ کے اخراجات بھی بورڈ کے ذمے ہونگے۔ضرورت پڑنے پر چیئرمین اور انکی اہلیہ کے بیرون ملک علاج کے اخراجات بھی کرکٹ بورڈ ادا کریگا جبکہ اندرون ملک بھی انہیں یہ سہولت حاصل ہو گی۔ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا ڈیلی الاؤنس دس ہزار روپے ہو گا جبکہ بیرون ملک دوروں پر تین سو ڈالر ڈیلی الاؤنس کیساتھ فائیو سٹار ہوٹل کی سہولت دی جائیگی۔ دورہ برطانیہ کے موقع پر انکا ڈیلی الاؤنس چار سو ڈالر ہو گا جبکہ فائیو سٹار رہائش کے اخراجات بھی بورڈ برداشت کریگا۔ گورننگ بورڈ کی میٹنگ میں شرکت پر بھی احسان مانی کو بیس ہزار روپے یومیہ کی منظوری دی جائیگی۔ چیئرمین کرکٹ بورڈ کی رہائشگاہ پر ایک لینڈ لائن ٹیلی فون، وائی فائی کنکشن، ٹیلی ویژن، کیبل، انکی پسند کا موبائل فون اور انکے تمام اخراجات کی ادائیگی کی بھی منظوری دی جائیگی۔ چیئرمین کی رہائشگاہ پر تین ملازمین اور سکیورٹی گارڈ بھی تعینات ہونگے ان کی تنخواہ بھی کرکٹ بورڈ ادا کریگا۔ بورڈ آف گورنرز کی میٹنگ میں چیئرمین کرکٹ بورڈ احسان مانی کی رہائشگاہ کے بجلی، پانی اور گیس کے بلوں کی ادائیگی کی منظوری بھی دیں گے۔ دوسری طرف پی سی بی گورننگ بورڈ اراکین نے53ویں اجلاس کی کوئٹہ سے لاہور منتقلی کیلئے بھی درخواست کر دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ ممبران کوئٹہ میں دہشتگردی کے واقعات کی وجہ سے متاثرہ خاندانوں کیساتھ اظہار یک جہتی کیلئے کوئٹہ میں اجلاس نہیں کرنا چاہتے۔ بورڈ اراکین نے موقف اختیار کیا ہے کہ ایسے وقت میں جب وہاں بم دھماکوں میں شہید ہونیوالے مقتولین کے ورثاء انصاف کیلئے سراپا احتجاج ہیں ان حالات میں لاہور سے جا کر وہاں اجلاس کرنا مناسب نہیں ہے۔ کرکٹ بورڈ نے چودہ نکاتی ایجنڈا اور لگ بھگ ایک سو پچاس صفحات پر مشتمل دستاویز بھی گورننگ بورڈ کے اراکین کو بھیجی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق چیئرمین نجم سیٹھی اور پی سی بی کے مابین قانونی جنگ، انکی مراعات اور اس حوالے سے تفصیلات بھی بورڈ کو دی جائیں گی۔ نئے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے کرکٹ بورڈ سے پانچ لاکھ روپے کے کریڈٹ کارڈ کی بھی درخواست کی ہے وہ یہ رقم بلا روک ٹوک استعمال کر سکتے ہیں، انہوں نے ذاتی استعمال کیلئے لگ بھگ ستر لاکھ مالیت کی لگژری گاڑی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنی رہائشگاہ کیلئے مزید سہولیات بھی مانگی ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس سترہ اپریل کو کوئٹہ میں طلب کر رکھا ہے۔ اجلاس میں مالی سال دوہزار سترہ اٹھارہ کے اخراجات اور دوہزار اٹھارہ، انیس کیلئے آڈیٹرز کی منظوری بھی لی جائیگی۔ سرکلر ریزولوشن کی توثیق بھی کی جائیگی۔ آڈٹ کمیٹی کی رپورٹ بھی منظوری کیلئے پیش کی جائیگی۔

ای پیپر-دی نیشن