• news

پہلے کیپٹن (ر) سید احمدمبین شہید میموریل نیزہ بازی‘ کبڈی ٹورنا منٹ کا انعقاد

لاہور(نیوزرپورٹر)میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے زیر اہتمام جشنِ بہاراں کے سلسلہ میں لاہور کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کیپٹن (ر) سید احمدمبین شہید میموریل نیزہ بازی ٹورنامنٹ‘‘ اورکبڈی کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب کی صدارت کے فرائض لارڈ میئر لاہورکرنل (ر) مبشر جاوید نے انجام دئیے۔ مہمانِ خصوصی والدہ کیپٹن (ر) سید احمد مبین شہید تھیں۔ میئر لاہور نے مہمان خصوصی کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ پولیس دستے نے مہمان خصوصی کی آمد پر سلامی پیش کی۔ کرنل (ر) مبشر جاوید نے کہا کہ 318ضلعی اسمبلی لاہور کے منتخب اراکین اور بلدیہ عظمیٰ کی انتظامیہ کے تعاون سے یہ تقریب سجائی گئی ۔ اس تقریب کا مقصد پنجاب کی ثقافت ، روایات اور رسم رواج کو اجاگر کرنا ہے اور اُن شہداء کو خراج ِ تحسین پیش کرنا ہے جنہوں نے ملک و قوم کی بقا ء اور سلامتی کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ایسی تقریب سے دنیا کے نقشے پر ہمارے ملک کا خوبصورت امیج سامنے آتا ہے اور عوام بھی اس سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ تقریب میں ممبران نیشنل اسمبلی، پرویز ملک، رانا مبشر، ممبران صوبائی اسمبلی ،سیف الملوک کھوکھر، غزالی بٹ، ڈپٹی میئرز اعجاز حفیظ، بلال چوہدری حاجی اللہ رکھا، مشتاق مغل،چیئرمینز ، کمشنر لاہور ڈویژن ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ، میٹروپولیٹن کارپوریشن آفیسر مسعود محمود تمنا، پی ایس او ٹو میئر میاں وحیدالزماں، ڈائریکٹر ایڈمن امین اکبر چوپڑ، بلدیہ عظمیٰ ودیگر محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔ مہمان ِ خصوصی والدہ کیپٹن (ر) سید احمد مبین شہید نے کہا کہ میں کرنل (ر) مبشر جاوید کا تہہ دل سے شکر یہ ادا کرتی ہوں کہ جنہوں نے کیپٹن (ر) سید احمد مبین شہید کی یاد میں اس خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا اوراللہ مائوں کو ایسے فرض شناس بیٹے عطا کرے جو ملک و قوم کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ دیں۔ پٹیالہ انٹرنیشنل فوجی بینڈ، پنجاب براس بینڈ، دانش فوجی بینڈ، محمد علی فوجی بینڈ اور بائو ارشاد فوجی بینڈ نے قومی نغموں کی مختلف دھنیں اورگھوڑوں کے لڈی ڈانس سے آئے ہوئے معزز مہمانوں کو سلامی پیش کی۔ نیز ہ بازی کا افتتاح اورنگ زیب مبشر نے کیا ۔ نیزہ بازی میں پنجاب کے مختلف علاقوں سے تقریبا 20نیزہ بازی ٹیموں نے حصہ لیا جس میں انہوں نے شرکاء سے دادوصول کی۔ تقریب آخر میں لار ڈمیئر لاہور نے نیزہ بازی اورکبڈی میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیموں کو کیش انعاما ت دئیے۔

ای پیپر-دی نیشن