امن و امان‘ پولیس ریفارمز‘ جان مال کا تحفظ اولین ترجیح ہو گی: عارف نواز
لاہور (انٹرویو: احسان شوکت سے) نئے تعینات ہونے والے آئی جی پنجاب پولیس کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز خان نے کہا ہے کہ امن وامان کا قیام، عوام کے جان ومال کی حفاظت، پولیس میں ریفارمز اور پولیس کلچر کی تبدیلی اولین ترجیحات میں شامل ہے جبکہ جرائم کے خاتمے اور تفتیش کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور پولیس فورس کے مورال کو بلند کرنے کے لئے بھی تمام تر ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ گزشتہ روز اپنی تعیناتی کے بعد روزنامہ ’’نوائے وقت‘‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ ہم اپنی ذمہ داریاں بھرپور محنت، دلجمعی اور فرض شناسی سے ادا کریں گے تاکہ جرائم پیشہ عناصر اور گروہوں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے۔ عوام کی سہولت کیلئے پولیس نظام میں جہاں بہتری کی گنجائش ہے۔ اس پر بلا تاخیر عمل در آمد کیا جائے گا۔ عوام کے ساتھ زیادتی کرنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کو ہرگزمعاف نہیں کیا جائے گا، ایسے افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ پنجاب پولیس کے روایتی تھانہ کلچر کی تبدیلی کے لئے کمیونٹی پولیسنگ کے ساتھ ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے مزید اقدامات بھی اُٹھائیں گے۔ پولیس فورس کے مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ کوشش کریں گے کہ عوام میں احساس تحفظ اور پولیس سے فاصلے کم کرنے کیلئے ایسے اقدامات اُٹھائے جائیں۔ پنجاب میں دوبارہ تعینات ہونے والے آئی جی پنجاب پولیس کیپٹن (ر)عارف نواز خان 1961 میں پیدا ہوئے اور1986 میں بطور اے ایس پی پولیس سروس آف پاکستان میں شمولیت اختیار کی۔ ان کا تعلق14ویں کامن سے ہے۔ انہوں نے بطور اے ایس پی لودھراں ، پاکپتن اور فیروزوالہ شیخوپورہ میں فرائض سر انجام دیئے۔ انہیں1992 میں ایس پی کے عہدہ پر ترقی دے دی گئی اور وہ بطور ایس پی گوجرانوالہ، راجن پور، چکوال، سرگودھا اور خیبر پختونخوا میں فرائض سرانجام دیتے رہے۔ انہوں نے 2000 میں ایس ایس پی، 2009 میں ڈی آئی جی اور 2014 میں ایڈیشنل آئی جی کے عہدہ پر ترقی پائی۔ اس دوران انہوں نے بہاؤلپور، فیصل آباد، سپیشل برانچ، وی وی آئی پی سکیورٹی، ڈی آئی جی ٹریننگ پنجاب، بلوچستان اور سنٹرل پولیس آفس پنجاب لاہور میں ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ سمیت اہم عہدوں پر اپنے فرائض سرانجام دئیے۔ 25جون 2017 میں وہ آئی جی پنجاب پولیس تعینات کئے گئے ۔کیپٹن (ر) عارف نواز خان اب بطور سیکرٹری نارکوٹکس کنٹرول ڈویژن خدمات سرا نجام دے رہے تھے کہ گزشتہ روز انہیں دوبارہ آئی جی پنجاب پولیس تعینات کر دیا گیا ہے۔