راہداری: پاکستان بھارت تکنیکی مذاکرات آج کرتار پور بارڈر پر ہونگے
اسلام آباد (سہیل عبدالناصر) کرتار پور راہداری پر تکنیکی نوعیت کے پاک بھارت مذاکرات آج کرتار پور بارڈر زیرو لائن پر ہونگے۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق بات چیت صبح 10 بجے شروع ہو گی۔ پاکستان کی طرف سے مذاکرات میں وزارتِ خارجہ وزارتِ مذہبی امور اور ایف ڈبلیو او کے حکام شرکت کریں گے، پاکستان کا 10رکنی وفدمذاکرات میں شرکت کرے گا، کرتارپور راہداری کے حوالے سے تکنیکی تفصیلات کے حوالے سے یہ دوسری نشست ہو گی۔ ان ذرائع کے مطابق پاکستان کی طرف سے راہداری منصوبہ پر 50 فیصد سے زائد کام مکمل کر لیا گیا ہے،مذاکرات میں گوردوارہ ڈیرہ بابا نانک اور کرتاپور کے درمیان سڑک بنانے اور اس کی اونچائی ،لمبائی جیسے معاملات پرتفصیلی بات چیت کی جائے گی جبکہ پاکستانی حدود میں دریائے راوی کے کنارے حفاظتی بند بنانے پر بھی مشاورت ہوگی، سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ حفاظتی بند بنانے کامقصد سیلابی صورتحال نمٹنا اور نئی سڑک کو محفوظ بنانا ہے۔ ایک اور ذریعہ کے مطابق پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے پیش نظر کرتار پور راہداری پر بات چیت غنیمت ہے جس کے ذریعہ ایک سفارتی چینل دونوں ملکوں کے درمیان عفال ہے۔ سکھوں کا دبائو نہ ہوتا تو بھارت، کرتار پور راہداری کے معاملہ سے مکمل راہ فرار کی تیاری کر چکا تھا۔