• news

نوازشریف کی زندگی کو خطرہ ہے: ذاتی معالج، ڈاکٹروں نے تشویش ظاہر کی: مریم

لاہور(نیوز رپورٹر‘نوائے وقت رپورٹ) نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے کہا ہے کہ عارضہ قلب ان کی زندگی کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے اور ان کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔ ان کی انجیو پلاسٹی ممکن نہ ہوئی تو بائی پاس سرجری کرنا پڑسکتی ہے۔ نواز شریف کے دماغ کو خون سپلائی کرنے والی شریانوں میں بندش ہے۔سابق وزیراعظم کو جب ہسپتال داخل کرنے کی ضرورت پڑی انہیں کر دیا جائے گا۔ نواز شریف کے ملک کے اندر یا باہر علاج کے بارے میں ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، ان کا علاج ہورہا ہے اور 24 گھنٹے ان کی میڈیکل نگرانی کی جارہی ہے۔مریم نواز نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ڈاکٹرز کی ٹیم نے آج نواز شریف کا معائنہ کیا۔ ڈاکٹروں نے حالیہ رپورٹس اورسکینز کو بھی دیکھا، رپورٹیں مرتب کی جا رہی ہیں۔نواز شریف کی حالت ٹھیک نہیں، ڈاکٹروں نے تشویش کا اظہار کیا۔مریم نواز نے کہا کہ والد کے علاج کے بارے میں ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ دل کے علاوہ دماغ کی شریانوں کا مسئلہ بھی سنگین ہے۔ والد کی صحت کے حوالے سے بہت پریشان ہوں۔ لوگوں سے دعائوں کی درخواست کرتی ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن