دہشتگردی سمیت مسلمانوں کے مسائل کا سبب دین سے دوری، پاکستان کا مسلم دنیا میں بڑا مقام ہے: امام کعبہ
لاہور، اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار، وقائع نگار خصوصی، نوائے وقت رپورٹ، ایجنسیاں) امام کعبہ شیخ عبداللہ عواد الجھنی نے گزشتہ روز صدر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف، چیئرمین سینٹ، سپیکر اور ارکان پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کیں۔ صدر عارف علوی سے ملاقات کے موقع پر امام کعبہ شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی طاقت ، دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں وفود کے تبادلوں میں اضافہ ضروری ہے۔ امام کعبہ شیخ عبداللہ عواد الجہنی کی ایوان صدر آمد پر صدر عارف علوی نے استقبال کیا۔ صدر مملکت نے کہاکہ ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کی مدد کا اعلان کرکے عوام کے دل جیت لئے۔ صدر نے کہاکہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کا حج کوٹہ بڑھانا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہاکہ امید ہے دو ہزار بیس تک تمام پاکستانی ایئرپورٹ روڈ ٹو مکہ میں شامل ہوجائیں گے۔ صدرعلوی نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے تاریخ ، ثقافت اور مذہب پر مبنی گہرے دوستانہ تعلقات ہیں۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے دورے کے دوران پاکستانیوں کے دل جیت لیے۔ صدر مملکت نے سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کیلئے نیک تمناؤں کا پیغام دیا۔ وزیراعظم عمران خان سے بھی امام کعبہ نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے ڈاکٹر عبداللہ عواد کا خیرمقدم کیا۔امام کعبہ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی۔ امام کعبہ نے کہا کہ پاکستان کا مسلم دنیا کے اندر بہت بڑا مقام ہے۔ خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کا مثبت کردار قابل تحسین ہے۔ ملاقات میں پاک سعودی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ مسلم دنیا میں امن، ہم آہنگی کیلئے مؤثر کوشش ہونی چاہئیں۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے امام کعبہ سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کا بے لوث دوست ہے۔ امام کعبہ شیخ عبداللہ عواد الجہنی نے کہا مسلمانوں کو دہشتگردی اور دیگردرپیش مسائل کا سبب دین سے دوری اور آپس میں نااتفاقی ہے۔ امام کعبہ شیخ عبداللہ عواد نے پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی جس میں پاک سعودی عرب تعلقات اورمسلم امہ کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو ہو ئی ۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا سعودی عرب پاکستان کا بے لوث دوست ہے اور ہر مشکل وقت میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے ۔اس موقع پرامام کعبہ نے کہا مسلمانوں کو دہشتگردی اور دیگردرپیش مسائل کا سبب دین سے دوری اور آپس میں نااتفاقی ہے،اسوہ حسنہ اور اسلامی تعلیمات پر عمل کر کے ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں، امام کعبہ نے کہا مسلم امہ کو درپیش چیلنجزکے حل کے لیے سعودی عرب ہمیشہ اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان اور سعودی عرب کا دکھ درداور منزل ایک ہے۔امام کعبہ نے کہا دہشت گردیاور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے مسلم ممالک کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ امام کعبہ نے سپیکر ہائوس میں نماز ظہر کی امامت کرائی ۔ امام کعبہ نے اراکین سے بھی ملاقاتیں کیں جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ امام کعبہ ڈاکٹر عبداللہ عواد نے پاکستان میں امن اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کروائی۔ امام کعبہ آج پارلیمنٹ بھی جائیں گے۔ امام کعبہ آج ایک روزہ دورہ پرلاہور آئیں گے۔سعودی سفیر اور وفد بھی ان کے ہمراہ ہو گا۔ امام کعبہ کی بادشاہی مسجد لاہور میں آمد کے موقع پر صوبائی وزیر مذہبی امور صاحبزادہ سید سعید الحسن شاہ سمیت اہم سیاسی وسماجی شخصیات بھی موجود ہونگی۔ امام کعبہ آج بادشاہی مسجد لاہور میںنماز مغرب کی امامت کرائیں گے۔قبل ازیں امام کعبہ عصر کی نماز مرکز اہل حدیث راوی روڈ پڑھائیں گے اور جامعہ اشرفیہ امام کعبہ پروگرام کے مطابق ساڑھے 7 بجے پہنچیں گے نماز عشائ8:30 پر پڑھائیں گے۔ باد شاہی مسجد لاہور کے خطیب و امام و چیئر مین مجلس علماء پاکستان مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے مجلس علماء کے دفتر میں علماء کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ امام کعبہ بادشاہی مسجد لاہور میں نماز مغرب کی امامت اور وحدت اُمت کے موضوع پر خطاب کریں گے ‘ مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ علماء کو بتایا کہ امام کعبہ الشیخ عبد اللہ عواد الجہنی کا بادشاہی مسجد لاہور پہنچنے پر والہانہ اور پرجوش استقبال کیا جائے گا۔