چیف منسٹر گولڈ کپ نیشنل ویمن پاور لفٹنگ چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب آج ہوگی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پہلی چیف منسٹر گولڈ کپ نیشنل ویمن پاور لفٹنگ چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب آج کلچرل کمپلیکس قذافی سٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔وزیر اعلی پنجاب کے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان ملک عمر فاروق مہمان خصوصی تھے۔چیمپئن شپ میں آرمی پولیس پاکستان ریلویز واپڈا چاروں صوبوں گلگت بلتستان اور اوورسیز پاکستانیوں کی ٹیموں حصہ لے رہی ہیں۔چیمپئن شپ میں 47 کلو گرام 57 کلوگرام اور 75 کلوگرام کیٹگریز کے درمیان مقابلے ہونگے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے کھیل ملک عمر فاروق نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل میں سپورٹس کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے انہوں نے کہا کہ ایک جامع حکمت عملی کے تحت حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے گراس روٹ لیول سے ٹیلنٹ تلاش کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ ملک عمر فاروق نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی ہدایات کے مطابق نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں جس سے نہ صرف ہمارے کھیل کے میدان دوبارہ آباد ہوں گے بلکہ ہمارے نوجوان بہت سی معاشرتی بیماریوں اور غیر صحت مند سرگرمیوں سے بھی محفوظ رہیں گے۔