51ویںنیشنل مینز انڈوروالی بال چیمپئن شپ کا آغاز
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان والی بال فیڈریشن کے زیر اہتمام 51 ویں نیشنل مینز انڈور والی بال چیمپیئن شپ 2019ء کا لاہور میں رنگا رنگ تقریب کے ساتھ آغاز ہو گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن تھے جن سے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا اس موقع پر پاکستان ہالی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب بھی موجود تھے۔ نشتر سپورٹس کمپلیکس لاہور میں شروع ہونے والی چیمپیئن شپ کے پہلے روز کھیلے جانے والے میچز میں آزاد جموں اینڈ کشمیر، خیبر پختونخواہ، واپڈا اور پاکستان ائر فورس کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔ پہلا میچ اے جے کے اور گلگت بلتستان کے درمیان کھیلا گیا جو انتہائی شاندار رہا۔ جس میں آزاد جموں اینڈ کشمیر نے 27-25، 35-37، 25-23، 25-16 اور 27-25 سے کامیابی حاصل کی۔ دوسرے میچ میں خیبر پی کے ٹیم نے اسلام آباد کو تین صفر سیٹ سے مات دی۔ خیبر پی کے کی کامیابی کا سکور 25-22، 25-17 اور 25-20 رہا۔ تیسرے میچ میں دفاعی چیمپیئن واپڈا نے ریلویز کو 25-16، 25-17 اور 25-12 سے ہرایا۔ چوتھے میچ میں پی اے ایف نے سندھ ٹیم کو تین صفر سے زیر کیا۔ میچ کا سکور 25-10، 25-9 اور 25-15 رہا۔