• news

وفاق اور سندھ حکومت میں ورکنگ ریلیشن شپ موجود نہیں : عمران اسماعیل

اسلام آباد (صباح نیوز) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان کوئی ورکنگ ریلیشن شپ موجود ہی نہیں۔ مجھے سمجھ نہیں آرہی سندھ حکومت کس طرح وفاق کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ قائم کرے گی۔ اگر کسی جگہ ڈیم کی فنڈ ریزنگ کے دوران 76کروڑ کے اعلانات کئے جائیں اور اس میںسے آپ 67کروڑ جمع کر لیں تو یہ بہت بڑی کامیابی ہے۔ بہت سارے لوگ ایسے ہوتے ہیں جو اعلان کر دیتے ہیں اور بعد میں سامنے نہیں آتے یا آنے میں دیر لگا دیتے ہیں۔ نجی ٹی وی سے انٹرویو میں عمران اسماعیل نے کہا کہ ڈیم فنڈ کے پیسے ابھی تک آ رہے ہیں اور دو روز قبل بھی میرے پاس ڈیم فنڈ کے لئے ایک کروڑ روپے آئے۔ مشیر اطلاعات سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے الیکشن ہارا ہوا ہے اور بار بار قوم پر مسلط ہونے کی کوشش کرتے ہیں اور ساری چیزیں لے کر بیٹھے ہوئے ہیں، قوم ان کو مسترد کر چکی ہے ، یہ مجھے بتائیں کس حلقہ سے الیکشن جیتے ہیں۔ یہ کہتے ہیں گورنر سندھ کا گزر بسر سندھ حکومت کے خرچے پر ہوتا ہے اور ان کا گزر بسر وفاق کے دیئے ہوئے پیسوں پر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت وفاق کے ساتھ مل کر نہیں چلنا چاہتی تو نہ چلے اور اگر یہ منصوبے نہیں چاہتے تو نہ صحیح لیکن یہ ہماری اس طرح تضحیک نہ کریں۔

ای پیپر-دی نیشن