حمزہ نیب پیش، کارکن کی گاڑی سے اسلحہ برآمد، گرفتار، حنا ربانی ‘ والد آج احتساب بیورو طلب
لاہور، ملتان (سٹاف رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ، وقائع نگار خصوصی، صباح نیوز) اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز منگل کو دوبارہ نیب آفس میں پیش ہوئے۔ نیب آفس کے باہر لیگی کارکنوں کی گاڑی سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ ترجمان حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ کارکن کے پاس اسلحہ لائسنس موجود تھا۔ پولیس نے مزید تفتیش کیلئے ملزم کو تھانہ چوہنگ منتقل کردیا ہے۔ پولیس نے کالے رنگ کی گاڑی قبضے میں لے کر کارکن کو گرفتار کرلیا۔ علاوہ ازیں نیب نے حنا ربانی اور ان کے والد کو (آج) بدھ کو طلب کرلیا۔ نیب کی جانب سے سابق وزیر خارجہ حنا ربانی اور ان کے خاندان کے خلاف غیر قانونی اثاثے بنانے کے الزام میں انکوائری جاری ہے۔ محکمہ ریونیو کوٹ ادو نے کھر خاندان کی جائیدادوں کی تفصیلات نیب حکام کو پیش کردیں۔ حنا ربانی کھر اور ان کے والد کو دوسری بار طلب کیا گیا ہے۔ ان پر غیر قانونی اثاثے بنانے، دھوکہ دہی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی عوامی شکایات ہیں۔ علاوہ ازیں حمزہ شہباز نے نیب کی جانب سے گھر پر چھاپہ مارنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔ عدالت سے ڈی جی اور ڈائریکٹر نیب کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا کردی ہے۔ ہائیکورٹ کا دو رکنی بنچ حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت پر سماعت آج کرے گا۔ گزشتہ سماعت پر فاضل بنچ نے حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں آج 17اپریل تک توسیع کرتے ہوئے قومی احتساب بیورو (نیب) کو انہیں گرفتار کرنے سے روک دیا تھا۔