گوجرانوالہ کا دورہ غفلت رشوت کی شکایت پر 5 افسر معطل، صرف عوامی مفاد عزیز ہے: عثمان بزدار
لاہور، گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر، نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دورہ گوجرانوالہ کے دوران فرائض سے غفلت، رشوت ستانی اور عوامی شکایات پر 5افسروں کو معطل کردیا گیا۔ فرائض سے غفلت برتنے کی عوامی شکایت پر گوجرانوالہ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن فاروق ، تحصیلدار (گوجرانوالہ صدر) خواجہ ندیم اور سب رجسٹرار (رورل) انصر صغیر خان کو بھی معطل کر دیا گیا۔ معطل افسروں کے خلاف انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سنٹرل جیل کے دورے کے دوران رشوت ستانی کی شکایت پر انچارج اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل اور وارڈرن فیصل کو معطل کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام کی خدمت کے ایجنڈا میں کسی کو بھی حائل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی جو افسر عوام کی خدمت نہیں کرے گا وہ عہدے پر برقرار نہیں رہ سکتا۔ مجھے صرف عوام کا مفاد عزیز ہے۔عثمان بزدار نے زیرتعمیر گکھڑ سپورٹس ارینا کا دورہ کیا۔ سیکرٹری سپورٹس نے وزیراعلیٰ کو سپورٹس ارینا کی تعمیر سے متعلق امور سے متعلق بریفنگ دی۔ عثمان بزدار نے جنرل بس سٹینڈ گوجرانوالہ میں پناہ گاہ کا افتتاح کیا اور سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پناہ گاہ کا پروگرام صلہ رحمی کی ایک مثال ہے۔ وزیراعلیٰ نے جنرل بس سٹینڈ پر ٹریولر آئی سنٹر کا بھی افتتاح کیا۔ صحافیوں سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے بتایاکہ گوجرانوالہ میں یونیورسٹی کے قیام کے لئے فیزیبلٹی رپورٹ کاجائزہ لیں گے ، نئے بلدیاتی نظام میں عوام کو حقیقی معنوں میں با اختیار بنایا جائے گا، بیوروکریسی کے تبادلے حکومت کا اختیار ہے جو پرفارم نہیں کرے گا تبدیل کر دیا جائے گا ، جہاں مسئلہ نظر آئے گا ردوبدل ہوگا۔ پنجاب ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈائون کی نگرانی خود کروں گا۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار محکمہ سماجی بہبود کے زیرانتظام ماڈل چلڈرن ہوم پہنچ گئے اورماڈل چلڈرن ہوم میں قیام پذیر بچوں سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے بچوں اور بچیوں کیلئے پاکٹ منی میں اضافے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بیمار بچوں کیلئے ڈاکٹر کا انتظام کیا جائے۔ہمارا اپنا بچہ بیمار ہو تو رات بھر نیند نہیں آتی۔ یہ بھی کسی کے بچے ہیں۔ ان کی اپنے بچوں کی طرح دیکھ بھال ہونی چاہیے۔ وزیراعلیٰ نے اپنی جیب سے ماڈل چلڈرن ہوم میں مقیم بچوں کو میکڈونلڈز میں کھانے کی دعوت دی۔ گوجرانوالہ سنٹرل جیل میں قیدیوں کے مسائل دریافت کئے، ملاقاتیوں سے بھی گفتگو کی۔ ملاقاتیوں کی جانب سے رشوت کی شکایت پر وزیراعلیٰ نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے سنٹرل جیل میں قیدی خواتین کیلئے لٹریسی سنٹر کا افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ جن قیدی خواتین کے پاس وکیل نہیں، انہیں وکیل کرکے دیں گے۔ عثمان بزدار نے سرکٹ ہائوس گوجرانوالہ میں کے ٹی ماڈل سکول میں حادثے کے دوران جاں بحق ہونے والے 5بچو ں اور خاتون کے لواحقین کو 10 ،10لاکھ روپے کی مالی امداد کے چیک دئیے گئے ۔عثمان بزدار سے سرکٹ ہاؤس گوجرانوالہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ،چیمبر آف کامرس اور تحریک انصاف کے عہدیداروں اور ارکان نے ملاقاتیں کیں۔ڈسٹرکٹ بار کے وفد نے وزیراعلیٰ کو بار کے مسائل سے آگاہ کیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف پاکستان کی مقبول ترین جماعت ہے۔ تحریک انصاف کے کارکن ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان سے ملاقاتوں کا سلسلہ پہلے بھی رہا ہے آئندہ بھی رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ اب لاہور سے صاف ستھرا شہر نظر آرہا ہے۔ عثمان بزدارنے گوجرانوالہ میں گاڑی رکوا کر شہری سے درخواست وصول کی اور متعلقہ حکام کو شہری کی دادرسی کیلئے فوری کارروائی کا حکم دیا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ دورہ گوجرانوالہ کے دوران ایک شہری نے اپنے بیٹے کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف وزیراعلیٰ پنجاب کو درخواست دینے کی کوشش کی تو سکیورٹی حکام نے اسے روک دیا تھا۔عثمان بزدار نے پنجاب سمیت ملک کے مختلف شہروں میں آندھی اور بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔