• news

وحید الدین داخلہ، ناہید درانی پٹرولیم ڈویژن کی سپیشل سیکرٹری تعینات

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ، آن لائن) وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد وفاقی بیورو کریسی میں تقرر و تبادلے کردیئے گئے۔گریڈ 21 کے میاں وحید الدین کو سپیشل سیکرٹری داخلہ تعینات کردیا گیا ہے جبکہ گریڈ21 کے افضل لطیف کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔گریڈ 22 کی ناہید درانی کو اسپیشل سیکرٹری پٹرولیم ڈویژن تعینات کیا گیا اور گریڈ 22 کی شائستہ سہیل کو سیکرٹری غربت مٹاؤ ڈویژن کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔اس کے علاوہ چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)عامر احمد علی کے عہدے کی مدت میں توسیع کی گئی ہے۔وزارت خارجہ کے اہم ذرائع کے حوالے سے بتایا بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود کو سیکرٹری خارجہ تعینات کرنے کے بعد بھارت، چین، فرانس اور دیگر ممالک میں پاکستانی سفیروں کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔چین میں تعینات پاکستانی سفیر مسعود خالد کو تبدیل کرکے سابق سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کو مدت ملازمت میں توسیع دیتے ہوئے بیجنگ میں پاکستانی سفیر ابو ظہبی ، متحدہ عرب امارات سے پاکستانی سفیرمعظم احمد خان کو سہیل محمود کی جگہ بھار میں تعینا ت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔برسلز میں تعینات نغمانہ ہاشمی کو تبدیل کرکے پیر س فرانس جبکہ موجودہ ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کو ڈھاکہ ، بنگلہ دیش میں ہائی کمشنر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس سے قبل بنگلہ دیش نے پاکستانی نامزد ہائی کمشنر ثقلین سیدہ کوقبول کرنے سے انکار کردیا تھا، تاہم ذرائع کا دعوی ہے کہ بنگلہ دیش نے ڈاکٹر محمد فیصل کا ایگرما جاری کردیا ہے۔ اسی طرح ڈائریکٹر جنرل اکنامک کوائرڈینشن اور اسلامک کواپریشن ڈویژن عطا ال منیم شاہد کو جنوبی افریقہ میں پاکستانی ہائی کمشنر تعینات کیا جارہا ہے ۔ عرصہ دراز سے جاپان میں پاکستانی سفیر کی خالی نشست پر سپیشل سیکرٹری ایشیاء امتیاز احمد کو تعینات کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ماسکو میں تعینات خلیل اللہ کو بھی تبدیل کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ یہ تمام کیریئر ڈپلومیٹس ہیں۔صباح نیاز کے مطابق پاکستان فارن سروس گریڈ 22 کے سہیل محمود کی بطور سیکرٹری خارجہ تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے‘ وہ اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کیلئے پاکستان پہنچ گئے۔ اپنے عہدے سے سکبدوش ہونے والی تہمینہ جنجوعہ نے وزارت خارجہ میں 35سال خدمات انجام دیں۔ گذشتہ روز ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کی گئی‘ اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

ای پیپر-دی نیشن