کراچی: ڈیڑھ سالہ بچہ پولیس مقابلے کی زد میں آکر جاں بحق، والد محفوظ
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) یونیورسٹی روڈ پر پولیس اور ملزموں کے درمیان فائرنگ سے ڈیڑھ سالہ محمد احسن جاں بحق ، والدین غم سے نڈھال ہوگئے۔ لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ بچے کو پولیس کی گولیاں لگیں۔ واقعہ یونیورسٹی روڈ پر پیش آیا۔ مقتول کے والد کاشف کا دعویٰ ہے کہ ہم رکشے میں جا رہے تھے کہ پولیس کی فائرنگ سے احسن کے سینے میں گولی لگ گئی جسے فوری طور پر طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا۔ دوسری جانب ڈی آئی جی ایسٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس کی فائرنگ سے بچے کی ہلاکت کے واقعے میں ملوث اہلکاروں کی شناخت کر لی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں اہلکاروں کا بیان قلمبند کیا جا رہا ہے تاکہ شواہد سامنے آئیں۔ موٹر سائیکل سوار اہلکار کسی کی نشاندہی پر مبینہ ڈاکوؤں کا پیچھا کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بچے کی مبینہ پولیس فائرنگ سے ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سے تفصیلی رپورٹ مانگ لی ہے۔ دوسری جانب ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ کے وقت رکشے میں تین بچے اور ان کی والدہ سوار تھیں جو اپنے بچوں کے ہمراہ قریبی بیکری سے آ رہی تھیں۔