نیشنل ویمنز پاور لفٹنگ :نیلم ریاض کی شادی کے دوسرے دن ہی شرکت
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )پہلی نیشنل ویمن پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں 2 روز قبل رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی قومی خاتون پاور لفٹر نیلم ریاض نے بھی مقابلوں میں حصہ لیا۔نیلم ریاض کو کھیل سے محبت میدان میں کھینچ لائی اور مہندی والے ہاتھوں کے ساتھ چیمپئن شپ میں شرکت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کھیل سے محبت میدان میں کھینچ لائی ‘ابھی شادی ہوئی ہے اور دوسرے دن ہی میدان میں چلی آئی ہوں ‘کوشش ہوگی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کروں‘ مقابلوں میں میڈل جیت کر شوہر کو تحفہ دینا چاہتی ہوں۔الحمرا کلچرل کمپلیکس میں جاری مقابلوں میں سنیحہ غفور نے 57 کلوگرام ویٹ کیٹگریز میں 4 قومی ریکارڈ قائم کیے جبکہ واپڈا کی صائمہ شہزاد نے 52 کلوگرام کیٹیگری میں 3 ریکارڈ اپنے نام کیے۔