• news

فریال تالپور نیب پیش، ایک گھنٹہ پوچھ گچھ، سوالنامہ حوالے، 15 روز میں جواب طلب

اسلام آباد (نامہ نگار) آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور نے جعلی اکائونٹس کیس میں نیب کے سامنے پیش ہوکر ابتدائی بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔ بدھ کو فریال تالپور کو نیب نے جعلی اکائونٹس کیس کی تحقیقات کے لیے طلب کیا تھا اور اس سلسلے میں وہ اسلام آباد میں نیب کے دفتر میں پیش ہوئیں، نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے آصف زرداری کی ہمشیرہ سے ایک گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فریال تالپور سے نیب کی کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم (سی آئی ٹی ) نے تفتیش کی اور ان سے مختلف سولات کیے گئے جس کے بعد انہیں جانے کی اجازت دے دی گئی۔ذرائع کے مطابق نیب نے فریال تالپور کو 22سوالوں پر مشتمل سوالنامہ دیا ہے جس کا جواب 15روز کے اندر دینے کی ہدایت کی گئی ہے، فریال تالپور کو دیئے گئے سوالنامے میں اثاثوں کی تفصیلات طلب، سندھ حکومت اور نجی کمپنیوں کے جوائنٹ وینچرز میں کردار ادا کرنے پر سوال پوچھے گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ فریال تالپور کو سوالات کا جواب ملنے کے بعد دوبارہ بھی طلب کیا جائے گا۔ فریال تالپور نے جعلی اکاونٹس کیس میں گرفتاری سے بچنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے عبوری ضمانت حاصل کررکھی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق نیب نے سوال کیا کہ آپ کو پتہ تھا یہ 4بنک اکائونٹس جعلی ہیں‘ مشتاق احمد کا آپ کے خاندان سے کیا تعلق ہے۔ ڈرائیور مشتاق نے 8ارب روپے کی ٹرانزیکشن کیں؟

ای پیپر-دی نیشن