سینٹ قائمہ کمیٹی نے اسد عمر سے آئی ایم ایف معاہدہ اور افراط زر پر بریفنگ مانگ لی
اسلام آباد (صباح نیوز)ایوان بالا کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے وزیرخزانہ اسدعمر سے آئی ایم ایف سے معاہدے اور افراط زر کے حوالے سے آئندہ اجلاس میں بریفنگ طلب کرلی، وزیر خزانہ قائمہ کمیٹی کو اہمیت دیں اور آئندہ اجلاس میں اپنی شرکت یقینی بنائیں۔ مجلس قائمہ کا اجلاس بدھ کو چیئرمین کمیٹی سینیٹر فاروق حامد نائیک کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا ۔ زچگی کے حوالے سے ماں اور باپ کی چھٹیوں کے متعلق نجی بل، ساحلی علاقوں کو سیاحت کے فروغ کیلئے 10سال کیلئے ٹیکس سے استثنی ، افراط زر، اسلامک بینکنگ ، پاکستان سٹاک ایکسچینج اور سیکورٹی ایکسچینج کمیشن ، مالی سپلیمنٹری بل 2019 پرسفارشات پر عملدآمد کے معاملات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ گوادر کے تیس کلومیٹر کے علاقے میں ہوٹل کیلئے رعایتی ٹیکس ہیں جس پر چیئرمین کمیٹی سینیٹر فاروق حامد نائیک نے کہا کہ ملک میں سیاحت کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے ۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے درخواست کرے گے کہ وہ اپنے سوال کی وضاحت کریں۔ملک میں بڑھتی ہو ئی افراط زر کے حوالے سے ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خزانہ نے قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ وزارت منصوبہ بندی اور ڈویلپمنٹ اس حوالے سے تفصیلی آگاہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وزیر خزانہ قائمہ کمیٹی کو اہمیت دیں اور آئندہ اجلاس میں اپنی شرکت یقینی بنائیں۔