ایرانی پارلیمنٹ میں مشرق وسطی میں تعینات امریکی فوجیوں کو دہشتگرد قرار دینے کی قرارداد منظور
تہران (اے پی پی) ایرانی پارلیمان نے اْس قرارداد کی بھاری اکثریت سے منظوری دے دی ہے، جس میں مشرق وسطیٰ کے ممالک میں متعین امریکی فوجیوں کو دہشت گرد گروپ قرار دینے کو تجویز کیا گیا تھا۔ اس قرارداد کے حق میں پارلیمنٹ میں موجود 207 میں سے 204 اراکین نے ووٹ ڈالا جبکہ دو ممبران نے مخالفت میں ووٹ دیا۔ یہ قرار داد پارلیمنٹ میں ایرانی وزیر دفاع جنرل امیر حاتمی نے پیش کی۔ اس قرارداد میں ایرانی حکومت سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ امریکا کی ایران مخالف حکمت عملی کا قانونی، سیاسی اور سفارتکاری سے مقابلہ کرنے کی منصوبہ بندی کرے۔ پارلیمنٹ میں قرارداد پر بحث کے دوران بعض سخت گیر اراکین نے پوری امریکی فوج کو دہشت گرد قرار دینے کی سفارش کی۔