• news

رمضان پیکج پر عملدآمد کیلئے کمیٹی قائم، یوٹیلٹی سٹورز اشیاء ضروریہ کی خریداری تیز کریں: اقتصادی رابطہ کمیٹی

اسلام آباد(صباح نیوز)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو بروقت سہولت کی فراہمی کیلئے خوراک کی ضروری اشیا کی خریداری کیلئے کوششیں تیز کریں۔کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت ہوا۔رمضان پیکیج پر عملدرآمد کیلئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی بھی قائم کی گئی۔وزیر خزانہ اسد عمر نے اس موقع پر گفتگو کرے ہوئے کہا کہ حکومت مستقبل کے بجٹوں میں ضمنی گرانٹس کومرحلہ وار ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بجٹ تخمینے کی تیاری کے وقت بہت سے اداروں کی ضروریات کا مناسب طور پر اندازہ نہیں لگایا گیا جس کے باعث ضمنی گرانٹس کے بڑے پیمانے پر مطالبے پیش کیے جاتے رہے۔وزیر خزانہ نے مختلف شعبوں کی مالی ضروریات کے مطابق مناسب بجٹ سازی پر زور دیا۔وزارت پٹرولیم نے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کوملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کیلئے پاکستان ریلویز کی خدمات کے استعمال کے سلسلے میں کمیٹی کے فیصلے پر عملدرآمد کے بارے میں بریفنگ دی۔کمیٹی نے اصولی طور پر وزارت اطلاعات و نشریات کی اس تجویز کی منظوری دی کہ غربت کے خاتمے' صحت انصاف سکیم' وزیر اعظم کی نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم اور دیگر کے بارے میں معلومات مشتہر کرنے کیلئے میڈیا مہم شروع کی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن