• news

چیئرمین پی پی ایم اے زاہد سعید کا 395 ادویات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

کراچی، اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ، آئی این پی) چیئرمین پی پی ایم اے زاہد سعید نے 395 ادویات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ قیمتوں میں کمی کا اطلاق 15 روز میں ہوگا۔ ڈالر کی قدر میں اضافے سے ادویات کا خام مال مہنگا ہوا۔ قیمتوں میں کمی سے عوام کو ادویات کی رسائی میں آسانی ہوگی۔ وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ عوام کو معیاری ادویات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اور جو عناصر اَن رجسٹرڈ اور غیرقانونی ادویات کے گھنائونے کاروبار میں ملوث ہیں ایسے عناصر انسانیت کے دشمن ہیں ۔ ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی ہو گی ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر صحت کی ہدایت پر غیر رجسٹرڈ اور سمگل ہونے والی ادویات بیچنے والوں کے خلاف ڈریپ کی ٹیم کا وسیع پیمانے پر کریک ڈائون جاری ہے اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان لاہور کی سب سے بڑی ہول سیل مارکیٹ میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے نصیر میڈیکل سٹور پر چھاپے کے دوران بغیر لائسنس کے ادویات فروخت اور سٹور کرنے پر ادویات کی بہت بڑی مقدار ضبط کر لی اور فارمیسی کو بمع غیر قانونی گودام سیل کر دیا گیاہے۔ ذمہ داران کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس سٹور پر ادویات کو مناسب درجہ حرارت پر سٹور نہیں رکھا کیا گیا تھا۔ ان ادویات کے نمونے لے کر گودام کو سر بمہر کر دیا گیا ہے۔ مزید برآں ڈریپ کی ٹیم نے کراچی اور پشاور میں مختلف مارکیٹوں کا معائنہ کیا جہاں غیر معیاری، ان رجسٹرڈ اور سمگل ادویات قبضے میں لے لیں۔

ای پیپر-دی نیشن