مستونگ حادثے میں جاں بحق 14 افراد کو سپردخاک کر دیا گیا
کراچی (نوائے وقت نیوز) مستونگ ٹریفک حادثے میں جاںبحق ایک ہی خاندان کے 14 افراد کی نمازجنازہ کراچی میں ادا کر دی گئی جس میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی جس کے بعد انہیں سپردخاک کر دیا گیا۔ المناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے11 افراد کی نمازجنازہ محمدی گوٹھ گرائونڈ میں ادا کی گئی۔ نمازجنازہ میں اہل خانہ سمیت لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ جاں بحق ہونے والوں کو آہوں اور سسکیوں میں سپردخاک کر دیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔ تمام لوگ رشتے دار کے جنازے میں شرکت کیلئے گئے تھے کہ موت نے انہیں گھیر لیا۔ جاں بحق افراد میں سات مرد‘ دو بچوں‘ ایک بچی اور دو خواتین شامل ہیں۔ میتوں کو ایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کیا گیا۔