• news

پولیس میں ریفارمز، ادارے کیلئے کلنک کا ٹیکہ بننے والوں کا خاتمہ کریں گے: آئی جی پنجاب

لاہور (نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کو بطور ادارہ مضبوط کیا جائے گا اوربہترین کارکردگی کے ذریعے نہ صرف عوامی تاثر کو بدلیں گے بلکہ انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے نچلی سطح تک ایسی پالیسیز بنائی جائیں گی جن کے ذریعے عوام کا پولیس پر اعتماد بحال ہو گا۔ ایس او پیز اور سٹینڈنگ آرڈرزپر تمام فیلڈ افسر عملدرآمد کے پابند ہوں گے۔کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اورہر سطح پر مشاورت کے ساتھ واضح حکمت عملی بنائی جائے گی جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے محکمہ کو ایک مثالی ادارہ بنانے کے لیے تمام افسروں اور اہلکاروں کو میدان عمل میں آنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہارآئی جی نے گزشتہ روزچارج سنبھالنے کے بعد سنٹرل پولیس آفس لاہور میں افسروں سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس ریفارمز ہم خود کریں گے اور انشاء اللہ عوام کو ایک ریفارمڈ پولیس نظر آئے گی۔ تمام مالی امور کی فیلڈ افسران اور تمام سربراہان براہِ راست خود نگرانی کریں۔ ہر سوموار کو افسروں کی میٹنگ ہو گی۔ ہمیں شہیدوں اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین اور دیگر ویلفیئر کے معاملات میں اپنے سسٹم کو مزید بہتر کرنا ہو گا تا کہ فورس اس مقصد کے لیے میڈیا ، عدالتوں یا سیاسی رہنمائوں کا سہارا لیے بغیر اپنے محکمے سے ریلیف حاصل کر سکے۔ اندرونی احتساب کے نظام کو مزید بہتر کرنا ہو گا اور اس کے لیے دی جانے والی سزائوں کو مثالی بنایا جائے گا۔ دیگر اضلاع سے انصاف کے لیے آنے والے سائلین اس بات کا ثبوت ہیں کہ اس ضلع کے افسروں سے انہیں انصاف نہیں ملا لہذا تمام فیلڈ افسران کو اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔ ادارے کے اندر موجود ایسے تمام عناصر کا خاتمہ کر دیا جائے گا جو اپنے آپ کو محکمہ کے لیے ایک لازمی جزو سمجھ کر محکمہ کے نام پر کلنک کا ٹیکہ بن چکے ہیں۔آئندہ پولیس ٹریننگ سنٹرز میں چن چن کر پروفیشنل افسران کی تعیناتی کی جائے گی۔ انہوں نے ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ، فنانس، ویلفیئر، آپریشن، پی ایچ پی، سپیشل برانچ، انوسٹی گیشن، ایس پی یو ڈویلپمنٹ اور دیگر یونٹس کے سربراہان کو کہا کہ وہ انہیں اپنے اپنے شعبوں کے بارے میں کل سے مکمل بریفنگ دیں گے۔تمام فیلڈ افسران کو ہدایات جاری کی جائیں کہ وہ رمضان المبارک کے مہینے میںرمضان بازاروں، مسجدوں ، امام بارگاہوں اور تمام عبادت گاہوں کی سکیورٹی کے لیے پلان تیار کر کے بھیجیں۔ قبل ازیں آئی جی پنجاب کی سنٹرل پولیس آفس آمد پر پولیس دستے نے سلامی پیش کی۔

ای پیپر-دی نیشن